چین کے دروازے کبھی بند نہیں ہوں گے، شی جن پنگ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے نشاندہی کی ہے کہ کھلے پن سے ترقی ہوتی ہے اور بندش سے پسماندگی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کھلے پن کے ذریعے ترقی کی جستجو جاری رکھتے ہوئے تبادلوں اور تعاون کو گہرا کرنا چاہئے اور "دیوار کو کھڑی کرنے ” کے بجائے "توڑنا” ہوگا۔جمعہ کے روز چینی نشریاتی ادارے کے مطابق انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے دروازے بند نہیں ہوں گے بلکہ وسیع سے وسیع تر ہو جائیں گے۔
چین کاروباری مواقع کو وسعت دینے کے لئے تمام ممالک کے لئے ہمیشہ ایک متحرک مارکیٹ رہے گا ، اور چین ہمیشہ عالمی حکمرانی کی اصلاحات میں فعال شراکت دار رہے گا۔ 1.4 بلین کی آبادی اور 400 ملین سے زیادہ کے درمیانی آمدنی والے گروپ کے ساتھ، چین دنیا کی سب سے زیادہ امید افزا مارکیٹ ہے، اگلے 10 سالوں میں چین میں تجارتی درآمدات کی کل مالیت 22 ٹریلین امریکی ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے،میڈ ان چائنا عالمی صنعتی اور سپلائی چین کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے۔
صرف امپورٹ ایکسپو میں ہی شی جن پنگ نے مارکیٹ کو وسعت دینے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا جن پر عمل درآمد کیا جا چکا ہے۔ شی جن پنگ نے کہا کہ چین بین الاقوامی تعاون اور کثیرالجہتی کا حامی ہے۔ چین اقتصادی گلوبلائزیشن کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے لئے اقوام متحدہ ، جی 20 ، اپیک اور برکس کے ساتھ تعاون میں فعال طور پر حصہ لیتا ہے۔ چین نے عالمی ترقی کے لئے حل فراہم کرنے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔
گزشتہ دہائی کے دوران چین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو آگے بڑھایا ہے اور پانچ براعظموں کے 150 سے زائد ممالک اور 30 سے زائد بین الاقوامی تنظیموں نے تعاون کی 200 سے زائد دستاویزات پر دستخط کیے ہیں۔ عالمی بینک نے پیش گوئی کی ہے کہ 2030 تک بی آر آئی سے متعلق سرمایہ کاری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے شراکت دار ممالک میں 7.6 ملین افراد کو انتہائی غربت سے اور 32 ملین افراد کو معتدل غربت سے نکالنے کی توقع ہے۔
وا ضح رہے کہ چھٹی چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو 5 سے 10 نومبر تک شنگھائی میں منعقد ہوگی۔ چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) دنیا میں قومی سطح پر پہلی امپورٹ ایکسپو ہے اور بین الاقوامی تجارت کی تاریخ میں ایک بڑی جدت طرازی ہے۔ چین کے صدر شی جن پھنگ نے خود سی آئی آئی ای کی منصوبہ بندی، تعیناتی اور فروغ دیا تاکہ چین کی بڑی مارکیٹ کو دنیا کے لیے ایک بڑا موقع بنایا جا سکے۔