پاکستان میں زرعی محققین کےساتھ تعاون کریں گے، برطانوی ہائی کمشنر

0

جین میریٹ کا قومی زرعی تحقیقاتی مرکز کا دورہ، بریفنگ دی گئی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کنگ چارلس III کی سالگرہ کے موقع پر، پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر H.E. جین میریٹ نے قومی زرعی تحقیقاتی مرکزNARC اسلام آباد میں نیشنل ہربیریم اینڈ بوٹینیکل کنزرویٹری کا دورہ کیا۔

انہیں پاکستان کے نیشنل ہربیریم کی تاریخ اور اہمیت اور بوٹینیکل کنزرویٹری میں تحفظ کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی،انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں نباتاتی وسائل کی دستاویزات اور تحفظ میں نیشنل ہربیریم اور بوٹینیکل کنزرویٹری کے تعاون کو سراہا۔

بعد ازاں جین میریٹ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار جینومکس اینڈ ایڈوانسڈ بائیو ٹیکنالوجی (NIGAB) کا بھی دورہ کیا۔چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی نے نگاب میں جاری تحقیقی کوششوں کی ایک جامع بریفنگ دی۔

ڈاکٹر علی نے نگاب میں کی جانے والی تحقیق کی بنیادی نوعیت کے علاوہ جینومکس اور جدید بائیو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اس کی اہم شراکت پر روشنی ڈالی۔چیئرمین پی اے آر سی نے حال ہی میں منظور شدہ چاول کی چار اقسام سے متعلق ادارے کے تازہ ترین نتائج کے بارے آگاہ کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں زرعی محققین کے ساتھ تعاون کے لیے برطانیہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی سائنسدانوں کی تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے Chevening اسکالرشپس کی پیشکش کرکے پاکستان میں سائنسی ترقی کو فروغ دینے کے لیے برطانیہ کے عزم پر زور دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!