ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 146ویں یوم پیدائش کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برسلز میں "بیادِ اقبال” کے عنوان سے شعری محفل کا انعقاد
برسلز ( نمائندہ خصوصی) عظیم فلسفی اور شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 146ویں یوم پیدائش کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برسلز میں "بیادِ اقبال” کے عنوان سے ایک شعری محفل کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا اہتمام سفارت خانہ پاکستان برسلز اور پاکستان پریس کلب بیلجیئم نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں، جبکہ برسلز، جرمنی، بڈاپسٹ اور یورپ کے دیگر حصوں سے آئے ہوئے ممتاز اردو شعراء شیراز راج، صائمہ زیدی، حمزہ یعقوب، عمران ثاقب اور صغیر وٹو نے ڈاکٹر علامہ اقبال کو زبردست منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔
ممتاز سکالر ڈاکٹر علی شیرازی اس موقع پر مہمان مقرر تھے، انہوں نے علامہ اقبال کی شاعری اور اس وقت کے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی اور اتحاد کے جذبے کو پھر سے زندہ کرنے میں کردار کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اجاگر کیا کہ علامہ محمد اقبال کے تصور کے مطابق مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو دوبارہ متحرک کرنے پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔
سفیر پاکستان آمنہ بلوچ نے اپنے تاثرات میں عظیم شاعر، فلسفی اور مفکر کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا جو بالآخر ایک علیحدہ وطن کے قیام کا باعث بنا۔
آج پاکستان علامہ اقبال کے وژن کی حقیقی روح کو مجسم کر رہا ہے۔ سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ علامہ اقبال کی شاعری، افکار اور فلسفہ ایک عالمگیر اپیل رکھتا ہے، جو دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ علامہ اقبال کے پیغام کو زندہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ اقبال کی تعلیمات وقت کی پابند نہیں ہیں اور یہ عصری چیلنجز کا حل پیش کر سکتی ہیں۔ اپنے خطاب کے آخر میں سفیر پاکستان نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس تقریب میں نظامت کے فرائض سفارت خانے میں تعینات پریس قونصلر محمد صغیر وٹو نے انجام دیئے۔