ایسٹرن پویلین ہال اولڈہم میں عالمی تاجدار ختم نبوت کانفرنس، حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار کی خصوصی شرکت
اولڈہم(محمد فیاض بشیر)ایسٹرن پویلین ہال اولڈہم میں عالمی تاجدار ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد،سجادہ نشین دربار عالیہ بلاڑوہ شریف بانی وسپہ سالار عالمی تحریک تحفظ عقیدہ ختم نبوت حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار کی خصوصی شرکت ،عالمی ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد دربار عالیہ بلاڑوہ شریف کے خادمین خاص سماجی و مذہبی شخصیات راجہ آفتاب شریف ، شیخ طفیل اور حافظ جاوید اقبال و دیگر نے کیا ۔
تقابت حافظ جاوید اقبال اور پاکستان سے آئے تسلیم صابری نے کی ،آقائے کائنات کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول بین الاقوامی ثنا خواں شہباز قمر فریدی ناصر خاں و دیگر نے نچھاور کیے ۔ قاری یونس قادری ،قاری ضیاء الحق ، حافظ انور و دیگر علمائے کرام نے شرکت کر کے آقائے کائنات کی سوانحِ حیات پر روشنی ڈالی۔
حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار نے عالمی سطح پر نوجوانوں اور امت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حضور ہی تخلیق کائنات ہیں اللہ تعالیٰ نے کائنات حضور کے لیے بنائی ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ میری زندگی کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت اور تاجدار ختم نبوت کے پیغام کو پوری انسانیت تک پہنچانا ہے آقائے کائنات نے کبھی کسی کے لیے بددعا نہیں کی بلکہ انسانیت کی فلاح کا درس دیا۔
فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں بارے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب ظلم و ستم کا درس نہیں دیتا، عالم اقوام کو کشمیر اور بالخصوص فلسطین کے مظلوموں کا ساتھ دینا چاہیے، امت مسلمہ کو یک زباں ہو کر اس پر آواز اٹھانی چاہیے، انکا کہنا تھا کہ آقائے کائنات نے میرے ذمہ لگایا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کروں محشر میں ہماری شفاعت آقائے کائنات کریں گے۔
تاجدار ختم نبوت کانفرنس بارے انہوں نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہوتی ہے کہ اسی بندے کو محفل میں بھیجنا جس کو شفا دینی ہے ،دربار عالیہ بلاڑوہ شریف کے خادمین بارے کہا کہ وہ عالمی سطح پر بغیر کسی لالچ کے بے لوث اسے دینی و دکھی انسانیت کا فریضہ سمجھ کر اپنی خدمات پیش کرتے ہیں ، اپنے خصوصی پیغام میں انکا کہنا تھا اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جتنی بھی انسانیت مصائب و تکالیف کا شکار ہے انہیں اس سے نجات دے ،محفل میں شریک افراد کے لیے دم و درود اور خصوصی دعا بھی کی۔
تسلیم صابری نے کہا کہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد عالمی سطح پر کروانے میں حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار کا کردار مثالی ہے۔ شہباز قمر فریدی اور ناصر خان اور ڈاکٹر زاہد نے کہا تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں عاشقان رسول کا جم غفیر امڈ آیا اور نئے سال کا آغاز نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ذکر سے ہوا۔
تاجدار ختم نبوت کانفرنس کے روح رواں راجہ آفتاب شریف اور شیخ طفیل کا کہنا تھا آقائے کائنات کا خصوصی کرم ہے کہ ہمارے درمیان سپہ سالار عالمی تحریک تحفظ عقیدہ ختم نبوت حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار موجود ہیں جنکی وجہ سے آج عالمی سطح پر تاجدار ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد ہوتا ہے ،قاری ضیاء الحق ،قاری یونس قادری اور حافظ انور نے بھی محفل میں شرکت کی ۔
تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں شریک افراد کے نعرےفضا میں گونجتے رہے۔شرکائے تقریب کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تحفظ عقیدہ ختم نبوت کا پیغام موثر و ٹھوس بنیادوں پر پہنچانے میں عقیدہ ختم نبوت کے سپہ سالار حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے جانا و لکھا جائے گا۔