پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کی جانب سے ذوالفقارعلی بھٹو شہید کی 96ویں سالگرہ عقیدت و احترام سے منائی گئی

0

جدہ (خالد نوازچیمہ) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 96ویں سالگرہ پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کی جانب سے عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے 96ویں یوم پیدائش منانے کا سلسلہ دنیا بھر میں جاری ہے، اس سلسلے میں ایک تقریب جدہ کے مقامی ہوٹل میں پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے صدر چوہدری تصور کی زیر صدارت ہوئی ۔

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی سے ملک جاوید حسین اعوان، راجہ اعجاز حسین اور دیگر عہدے داران اور کارکنوں کی کثیر تعداد کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی نے بھی بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے 1967میں پیپلزپارٹی کی بنیا د رکھی جو 1970کے انتخابات میں مغربی پاکستان میں اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئی۔انہوں نے اپنے دورحکومت میں پاکستان کو 1973کا متفقہ آئین دیا،پاکستان میں اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد ممکن بنایا۔

ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیربنانے کیلئے ملک میں ایٹمی پروگرام بھی شروع کیا،شرکا نے ان کی اور بے نظیر بھٹو کی مغفرت کی دعا کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب چوہدری تصور نے کہا کہ بھٹو شہید کا نام وطن عزیز پاکستان اور عالم اسلام کی تاریخ کا سنہری باب ہے، انہوں نے سابق صدر مملکت و پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ وہ اپنے عظیم نانا کے نقش قدم پر کامیابی سے گامزن ہیں ۔

آخر میں تمام پارٹیوں کے عہدیداران اور شرکا ء نے مل کر ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!