پیرس(ویب ڈیسک)فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے گیبریل اٹل کو ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کر دیا جو سب سے کم عمر اور پہلے ہم جنس پرست وزیراعظم ہوں گے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے 62 سالہ الزبتھ بورن کا استعفیٰ قبول کر لیا۔ جن کی وزارت عظمیٰ کا دور دو سال سے بھی کم عرصے پر محیط رہا۔
فرانسیسی صدر میکرون کی نظریں اب اپنے باقی ماندہ تین سالہ دور صدارت پر ہیں جس میں وہ ایک متحرک کابینہ کے ساتھ عوام میں اپنی ساکھ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ صدر ایمانوئیل میکرون کی نئے وزیراعظم کے لیے نگاۂ انتخاب 34 سالہ گیبریل اٹل پر جا ٹھہری جو فرانس کے سب سے کم عمر اور سب سے پہلے ہم جنس پرست وزیراعظم ہوں گے۔
صدارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ایمانوئیل میکرون نے گیبریل اٹل کو وزیر اعظم مقرر کرکے انہیں حکومت بنانے کا کام سونپا ہے۔ اس ہفتے کابینہ میں وسیع تر ردوبدل متوقع ہے۔
گیبریل اٹل وزارت تعلیم میں اپنے عہدے کے بعد حکومت میں سب سے مقبول شخصیت ہیں اور میکرون کو غیر مقبول پنشن اصلاحات، پارلیمانی انتخابات میں ان کی مجموعی اکثریت سے محرومی اور امیگریشن قانون سازی جیسے تنازعات سے باہر نکالنے کی کوشش کریں گے۔