ناروے:پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس، عقیل قادر بلامقابلہ نائب صدر منتخب

0

اوسلو (نمائندہ خصوصی) پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے سالانہ اجلاس کا انعقاد منہاج القرآن اوسلو کے مرکز پر منعقد کیا گیا جس میں ممبران نے کثیر تعداد میں فیملیز سمیت شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز حافظ محمد اویس حمید نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور رمیض طارق نے بارگاہ رسول ﷺ میں عقیدتوں کے پھول نچاور کیے۔

اجلاس کی صدارت چوہدری عبدالحمید صدر پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی نے کی جبکہ نقابت کے فرائض سوسائٹی کے جوائنٹ سیکرٹری جمشید سرور نے احسن انداز میں ادا کئے۔جمشید سرور نے سوسائٹی کی سالانہ رپورٹ پیش کی اورسوالوں کے جوابات دیئے۔فنانس سیکریٹری عقیل قادر نے سالانہ مالیاتی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ23 20 میں سوسائٹی کے اکاؤنٹ سے ایک کراؤن بھی خرچ نہیں کیا گیا جبکہ گذشتہ سال کیے گئے تمام پروگرامز کے اخراجات سوسائٹی کی انتظامیہ و مشاورتی بورڈ کے ارکان نے برداشت کئے۔

اجلاس کے آخر میں الیکشن کمیشن کے چیئرمین محمد آفتاب کی جانب سے نائب صدر کے لیے معروف صحافی اور پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے مرکزی رہنما عقیل قادر کا نام پیش کیا گیا جس پر تمام ممبران نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں دو سال کے لیے نائب صدر منتخب کر لیا۔ راجہ عاطف نواز کو ایک سال کے لیے فنانس سیکرٹری منتخب کیا گیا۔

اس موقع پر مشاورتی بورڈ کے لیے چوہدری جاوید سرور، فہیم اظہر، محمد طارق، راجہ عاشق حسین، چوہدری حسنین علی اور غضنفرعلی منتخب ہوئے۔ محمد آفتاب ایک سال کے لیے دوبارہ الیکشن کمیشن کے چیئرمین منتخب ہو گئے جبکہ الیکشن کمیشن کے ممبران حاجی شوکت سرور اور چوہدری امیر حسین منتخب ہوئے۔

نو منتخب نائب صدر عقیل قادر نے خطاب کرتے ہوئے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے خصوصی طور پر خواتین ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے کوئی بھی کام کرنا چاہتی ہیں تو مرکزی انتظامیہ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے اس موقع پر خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے مبارکباد بھی پیش کی۔

عبدالحمید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام ممبران کا اجلاس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر سوسائٹی کے مرکزی رہنماؤں راشد علی اعوان، چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں، راجہ عاشق حسین، شاہد سعید اور محمد آفتاب کا خصوصی تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا اور سوسائٹی کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!