سویڈن کے سماجی ادارے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے وفد کا جنید نواز چوہدری کی سربراہی میں کینیڈین کالج لاہور کا دورہ
جنید نواز چوہدری کا طلبہ سے خصوصی خطاب یورپ میں ہنرمند افراد کی ضرورت اوراہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا
کینیڈین کالج کی جانب سے پاکستان پروموشن نیٹ ورک کے سربراہ زبیر حسین کے نام اعزازی سند بھی جاری کی گئی
اسٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) سویڈن کی معروف کاروباری شخصیت جنید نواز چوہدری نے پاکستان پروموشن نیٹ ورک کے صدر عدنان چوہدری کے ہمراہ کینیڈین کالج آف ہاسپیٹلٹی مینجمنٹ اینڈ کلینری آرٹس کا دورہ کیا، دورے کا مقصد دونوں اداروں کے مابین ایم او یو کو حتمی شکل دینا تھا۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جنید نواز چوہدری نے یورپ میں ہنر مند افراد کی مانگ اور صحیح ملک کے تعین پر طلبہ کو آگاہی فراہم کی۔کینڈین کالج کے ڈائریکٹر آپریشن عبدالطیف نے پاکستان پروموشن نیٹ ورک کے تعاون سے طلبہ کے لئے رعایت کا خصوصی اعلان کیا۔
پاکستان پروموشن نیٹ ورک کے صدر عدنان چوہدری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دنیا میں ہنرمند افراد کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیشِ نظر پی پی این طلبہ کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے جس سے پاکستانی طلبہ اپنی قابلیت کی بنیاد پر نا صرف بیرون ملک رزقِ حلال کماسکیں گے بلکہ وطنِ عزیز کے لئے ترسیلات کی شکل میں مالی معاونت کا سبب بھی بنیں گے۔
کینیڈین کالج کی جانب سے پی پی این کے سربراہ زبیر حسین کے لئے اعزازی سند جاری کی گئی جسے جنید نواز چوہدری نے وصول کیا جبکہ جنید نواز چوہدری کو گیسٹ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔