لوزرن (نمائندہ خصوصی) سوئٹزرلینڈ کے خوبصورت شہر لوزرن میں پاکستان سوئس سوسائٹی کی جانب سے نمازعید الاضحی کا اہتمام کیا گیا ،ممتازمذہبی اسکالر صاحبزادہ سید علی الاشرفی الجیلانی نے خصوصی خطاب و امامت کے فرائض انجام دیئے۔
اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے علی جیلانی نے کہا کہ ہر وہ چیز جو خدا کے قرب کا باعث بنے قربانی ہے، حضرت علی سے پوچھا کہ قربانی کس کو کہتےہیں آپ نے فرمایا متقی پرہیزگار کی قربانی نماز ہے بندہ نماز پڑھتا ہے تو خدا کے نزدیک ہوجاتا ہے ،ہمیں اپنے بچوں کو نماز کی ترغیب دینی چاہئے،عید الاضحی ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاعیدالاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایثار اور قربانی پر قائم رہنے کی تلقین کرتی ہے ، جس دن سے حضرت انسان کرہ ارض پر آباد ہوا ہے اسی دن سے یہی قربانی کا تصور بھی ملتا ہے جیسا کہ قرآن مجید میں حضرت آدمؑ کے دو بیٹوں ہابیل اور قابیل کی قربانی کا ذکر ملتا ہے۔
فلسفہ قربانی اللہ تعالیٰ کی رضا اور حصول تقویٰ ہے، فرمان باری تعالیٰ ہے اللہ کی بارگاہ میں قربانی کے جانوروں کے گوشت اور خون نہیں پہنچتے بلکہ تمہارا تقوی پہنچتا ہے۔
سوسائٹی کی انتظامیہ نے آخر میں تمام مہمانوں کو عید کی مبارکباد دی اور مہمانوں کی خاطرتواضع لذیذ کھانوں سے کی گئی۔