بیجنگ (ویب ڈیسک) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے نیویارک میں لبنان کے وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب سے ملاقات کی ۔ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وانگ ای نے کہا کہ چین اور لبنان کی دوستی ایک دیرینہ روایتی دوستی ہے۔ چین خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ میں لبنان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ حالات کیسے بھی بدلیں چین ہمیشہ انصاف پر مبنی اصولوں اور لبنان سمیت اپنے عرب بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی علاقائی صورتحال کی ترقی پر پوری توجہ ہے اور چین خاص طور پر لبنان میں حالیہ مواصلاتی آلات کے دھماکوں ، اور شہریوں پر اندھا دھند حملوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے ۔ چینی وزیر خارجہ نے 23 ستمبر کو لبنان پر اسرائیل کے ایک اور بڑے فضائی حملے میں بھاری جانی نقصان پر کہا کہ چین بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی اس خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتا ہے ۔
لبنانی وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب نے کہا کہ چین لبنان کا اچھا دوست ہے اور اس نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر انصاف کو برقرار رکھا ہے اور ترقی پذیر ممالک کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے کام کر رہا ہے اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان اتحاد اور سعودی عرب ایران مفاہمت کو کامیابی کے ساتھ فروغ دے رہا ہے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ چین غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کے لیے فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔