میں نے قونصلیٹ کو ایک ادارہ بنایا،آج میرا ضمیر مطمئن ہے،قونصل جنرل بارسلوناکا الوداعی تقریب سے خطاب
بارسلونا (ارشدنذیر ساحل )پاک فیڈریشن سپین کے زیر اہتمام قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کی شاندار خدمات کےاعتراف میں پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی تمام سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، کاروباری شخصیات کے علاوہ قونصل خانہ بارسلونا کے عملہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں شرکاء کی جانب سے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔مقررین کا مزید کہنا تھا کہ کووڈ ہو یا کوئی آفت، میتوں کی پاکستان روانگی ہو یا سپین کی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کے مسائل یا سپین میں غیرقانونی پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری کرنے معاملہ ہو عمران علی چوہدری نے ہر دکھی اور مسائل سے لاچار پاکستانی کو گلے لگایا اور ان کی مدد کی ،انکی یہ خدمات بارسلونا کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی ۔
قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جیسے میں کینڈا اور امریکہ میں خواب لے کر گیا تھا اسی طرح سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے خواب لے کر آیا تھا ۔ اور آج میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں نے قونصلیٹ کو ایک ادارہ بنایا ہے ۔ اب آپ لوگوں پر منحصر ہے کہ اس کو آگے کس طرح لے کر چلنا ۔
انھوں نے مزید کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں سفیر پاکستان شجاعت علی راٹھور اور جو نئے قونصل جنرل مرزاسلیمان بیگ آ رہے ہیں دونوں انتہائی قابل آفیسرز ہیں۔
تقریب سے راجہ شفیق کیانی ،جاوید مغل ،چوہدری شہباز کھٹانہ، چوہدری عبدالغفار مرہانہ، چوہدری امتیاز لوراں، محمد شفیق تبسم ،سیدذوالقرنین شاہ ،کامران مظفر،ارشد نذیر ساحل ، مرزا ندیم بیگ، چوہدری قاسم علی جھکڑ جاوید گل ،پروفیسر طاہر عظیم، محترمہ فرح سہیل، محترمہ تعظیمُ ،محترمہ سحر ،شاہین ملک ،محمد اشفاق ،سفیان یونس ، ڈاکٹر عرفان مجید راجہ ،طارق محمود، طاہر رفیع ، حاجی راجہ اسد حسین افضال بیدار اور ملک محمد شریف نےاپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
تقریب کے آخر میں پاک فیڈریشن سپین کے صدر چوہدری ثاقب طاہر نے عمران علی چوہدری کی شاندار خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور تقریب کے شرکا کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا تھا جس کی سعادت قاری چوہدری عبدالرحمن نے حاصل کی ،حافظ ارشد نقشبندی نے نعت کی سعادت حاصل کی ۔قدیر احمد خان نے صوفیانہ کلام پیش کیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری پاک فیڈریشن سپین راجہ بابر ناصر اور مذہبی امور کے چئیرمین راجہ ساجد محمود اور سید شیراز نے ادا کئے۔