چین کا ترقی کیلئے اپنے جائز حق کا دفاع کرنے کا اعلان

0

چین کا مقصد ترقی میں کسی کو پیچھے چھوڑنا نہیں، وزیرخارجہ

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ  فون پر بات چیت کی۔ ہفتہ کے روز وانگ ای نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ اور صدر ٹرمپ  کے درمیان  گزشتہ جمعے کو فون پر ایک اہم رابطہ ہوا ۔ دونوں فریقوں کو سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کرتے ہوئے، چین امریکہ تعلقات کی مستحکم، صحت مند اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور نئے دور میں چین اور امریکہ کے ساتھ  چلنے کا  درست راستہ تلاش کرنا چاہئے۔

وانگ ای نے کہا کہ چین کا مقصد ترقی میں کسی کو پیچھے چھوڑنا یا  اس کی جگہ لینا نہیں لیکن چین ترقی کے اپنے جائز حق کا دفاع  ضرور کرے گا ۔ وانگ ای نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ تائیوان کے امور  میں  احتیاط  سے کام لے ۔چینی وزیر خارجہ  نے زور دیتے ہوئے کہا کہ  تائیوان ہمیشہ سے  چین کا  حصہ رہا ہے اور  چین  تائیوان کو کبھی بھی  خود  سے الگ نہیں ہونے دے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اور امریکہ کے تین مشترکہ اعلامیوں میں  امریکہ نے ایک چین کی پالیسی پر عمل کرنے کا پختہ عزم کیا تھا، لہٰذا اسے ان اعلامیوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ اور چین کے تعلقات اکیسویں صدی میں سب سے اہم دو طرفہ تعلقات ہیں اور یہ دنیا کے مستقبل کا تعین کریں گے۔ امریکہ چین کے ساتھ کھل کر بات چیت کرنے، اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرنے، دوطرفہ تعلقات کو پختہ کرنے اور انہیں دانشمندانہ انداز میں استوار کرنے ، عالمی چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور عالمی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ "تائیوان کی علیحدگی” کی حمایت نہیں کرتا اور امید کرتا ہے کہ تائیوان کا مسئلہ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے لئے قابل قبول طریقے سے پرامن  انداز میں  حل ہو گا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ بڑے ممالک کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں، عالمی امن کا تحفظ کرنا چاہیے اور مشترکہ ترقی کے حصول میں تمام ممالک کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ امریکی وزیر خارجہ  درست  فیصلے  کریں گے اور چین اور امریکہ کے عوام کے مستقبل اور عالمی امن و استحکام کے لئے تعمیری کردار ادا کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!