پیرس کے نواحی علاقے پیری فیت میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد
پیرس (رپورٹ:سلطان محمود) پیرس کے نواحی علاقے پیری فیت میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک پرامن ریلی کا انعقاد کیا، جس کیمونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
مظاہرین نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور "کشمیر بنے گا پاکستان” جیسے نعرے بلند کیے۔
ریلی میں مختلف سیاسی، سماجی، اور مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی قبضے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، اور کشمیری عوام پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ جلد آزادی حاصل کریں گے۔
یہ پرامن ریلی پیرس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے اتحاد اور یکجہتی کا مظہر تھی، جس کا مقصد عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے متحرک کرنا اور بھارت کے مظالم کو بے نقاب کرنا تھا۔