اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مراعاتی پیکج تاریخی سنگ میل، چوہدری سالک کی کاوشیں لائق تحسین: ڈاکٹرشوکت علی
اسلام آباد/برمنگھم (تارکین وطن نیوز) مسلم لیگ (ق) برطانیہ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹرشوکت علی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے متعارف کرایا گیا مراعاتی پیکج ایک تاریخی اقدام ہے، جو غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
اپنے ایک بیان میں ڈاکٹرشوکت علی نے وزیراعظم کو اوورسیز پاکستانی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس پیکج میں ٹیکس میں دی جانے والی چھوٹ خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ ٹیکس میں کمی، مشینری کی درآمد پر سہولیات اور توانائی، برآمدات و ترجیحی صنعتوں میں سرمایہ کاری پر انکم ٹیکس چھوٹ جیسے اقدامات سرمایہ کاروں کے لیے بے مثال مواقع فراہم کریں گے۔
ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی پالیسیاں ایک نئے معاشی وژن کی عکاسی کرتی ہیں، جو سمندر پار پاکستانیوں کو قومی اقتصادی دھارے میں شامل کرنے کا مؤثر ذریعہ بنیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیکج سے نہ صرف خوشحالی میں اضافہ ہوگا بلکہ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی مسابقتی حیثیت بھی مستحکم ہوگی۔
انہوں نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں سے یہ تاریخی پیکج ممکن ہوا ہے، جس سے سمندر پار پاکستانیوں میں نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا ہے۔ شوکت علی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام اوورسیز پاکستانی اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔