یورپین دارالحکومت برسلزمیں قائم پاک-بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی قیادت کا انتخاب
سابق صدر حافظ اُنیب راشد چیئرمین، رانا جاوید کوثر اور فخر ندیم عباس بلترتیب صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب
برسلز(نمائندہ خصوصی) یورپین دارالحکومت برسلزمیں قائم پاک-بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی قیادت منتخب کر لی گئی۔ سابق صدر حافظ اُنیب راشد کو چیئرمین جبکہ رانا جاوید کوثر اور فخر ندیم عباس کو پاک بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بلترتیب صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا گیا۔ ا
س بات کا فیصلہ PABOCCI کی گذشتہ رات منعقد والی میٹنگ میں کیا گیا جس میں بیلجیئم سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیمبر کی گورننگ باڈی کیلئے جن دیگر شخصیات کا انتخاب کیا گیا ان میں علی رضا سید سینئر نائب صدر، جمال خان نائب صدر اور خزانچی کے عہدے کیلئے ضیاء خان شامل تھے۔
New Leadership Elected for PABOCCI in Brussels, the European Capital pic.twitter.com/798TBhERRU
— tarkeen-e -watan (@ETarkeen) May 12, 2025
حافظ اُنیب راشد کی نظامت میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کی نمائندگی اکنامک منسٹر عمر حمید اور ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ اتاشی بلال خان نے کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیمبر کی نئی قیادت نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کے سرخ رو ہونے کو اللہ کا خاص کرم قرار دیا اور پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
رانا جاوید کوثر اور فخر ندیم عباس نے اپنی گفتگو میں مستقبل کے منصوبوں کا اجمالی خاکہ پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس چیمبر کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی معاشی ترقی میں اوورسیز کے کردار کو بڑھانے کیلئے بھر پور کوشش کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے برسلز میں تعینات تجارت اور سرمایہ کاری کے اتاشی محمد بلال خان نے چیمبر کے نئے عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ سفارت خانہ، PABOCCI اور پاکستان میں موجود دیگر چیمبرز کے درمیان تعاون میں اضافے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا، اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے ہر سال پاکستان سے یورپ میں پاکستانی مصنوعات امپورٹ کرنے والے اوورسیز پاکستانی کو شیلڈ پیش کی جائے گی۔
اس تقریب میں جن دیگر کاروباری افراد نے شرکت کی ان میں لیدر اور مین میڈ فائبر سے موٹر سائیکل سواروں کیلئے مصنوعات بنانے والے محمد صدیق، ڈاکٹر محمد عثمان، البرٹ ہائن فرنچائز سے حمزہ خان، فارماسیوٹیکل اور ایکویٹی فنڈز سے ثاقب کرامت، بیلجیئم سے پاکستان جاکر تھری ڈی وال پینلز بنانے والے اویس طیب ، کونسلر ناصر چوہدری اور محمد زبیر شامل تھے۔