ایشین اور مقامی آبادی کی انٹیگریشن کیلئے کئی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں،ڈائر یکٹر کاسہ ایشیا کی قونصل جنرل سے ملاقات میں گفتگو
بارسلونا(ارشد نذیر ساحل)قونصل جنرل آف پاکستان بارسلونا مرزا سلمان بابر بیگ نے گذشتہ روز ایشین کلچر کے نمائندہ ادارے’’کاسہ ایشیا‘‘کے مرکزی دفترکا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کاسہ ایشیا خابیر پاراندو نے قونصل جنرل مرزاسلمان بیگ کو بتایا کہ انکا ادارہ کس طریقے سے ایشین کلچر کو مقامی کلچر سے ہم آہنگ کرنے میں کوشاں ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ رواں سال اختتام اکتوبر پر ایشین فلم فیسٹول کا بارسلونا میں انعقاد ہورہا ہے جس میں 25ایشین ممالک کی فلمیں پردہ سکرین پر دکھائی جائیں گی۔اس کے علاوہ انہوں نے پاکستانی گلوکاروں عارف لوہار،ابرارالحق،حدیقہ کیانی،سائیں ظہور،حمیرا ارشد اور دیگر کے فن اور ایشین کمیونٹی میں مقبولیت کو سراہا۔
قونصل جنرل مرزا سلمان بابر بیگ نے عاطف اسلم کو بارسلونا کنسرٹ کیلئے بلانے کی تجویز پیش کی۔کاسہ ایشیا کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ہمارے لئے سپین میں پاکستانی کمیونٹی کی بہت اہمیت ہے اور ہم اس کمیونٹی کے مقامی آبادی سے ملاپ کیلئے مختلف پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں جن میں کلچرل،ایجوکیشن اور دیگر امور شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مقامی اور پاکستانی میوزک کے الحاق سے میوزک کی نئی جہت متعارف کرائی جائے،جیسے میوزک کے آلے’’ ستار‘‘ اور ’’فلمانکو‘‘کے اشتراک سے نیا میوزک ترتیب دیا جائے جو دونوں کمینوٹیز کو بھائے۔
کاسہ ایشیا کے ڈائریکٹرخابیر نے پاکستان کے ٹرک آرٹ کی بیحد تعریف کی اور کہا جب اس کی نمائش ہوئی تو مقامی آبادی نے بھی ٹرک آرٹ کو بہت پسند کیا تھا۔کاسہ ایشیا کے ڈائریکٹرخابیرنے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کلچرل پروگرام بارسلونا اور کاتالونیا کے علاقائی تہواروں کا بھی حصہ بنیں۔