یوم خواتین:نیٹ فلکس کی آگاہی مہم،شاہد آفریدی کی فیملی فوٹو ،کترینہ کیف کی دلچسپ پوسٹ

0

نیو یارک(شوبز نیوز)معروف اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک منفرد اور خصوصی مہم ’ہر کہانی ہے ضروری‘ کا آغاز کیا ہے۔نیٹ فلکس کی اس خصوصی مہم کے لیے 30 سے زائد خواتین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں، جنہوں نے اپنی مختلف کہانیوں سے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔

اسٹریمنگ سروس نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر تین منٹ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں، مادھوری ڈکشٹ، تاپسی پنو، نینا گپتا، شیفالی شاہ، مرونال ٹھاکر، سروین چاولہ جیسی خواتین اداکارائیں اور پراجکتا کوہلی، خوشی کپیلا جیسے کانٹینٹ کریٹر کو دیکھا جاسکتا ہے۔

یہاں تک کہ اشونی ایر تیواری اور لینا یادو جیسی فلمسازوں کو بھی مختلف سوالوں کے جوابات دیتے نظر آرہی ہیں۔ نیٹ فلکس نے ویڈیو کے ذریعے اس بات پر زور دیا ہے کہ پلیٹ فارم سے زیادہ، ان مضبوط خواتین کے بیانات اور کہانیوں پر توجہ مرکوز ہونی چاہیے۔

ہر کردار، خواہ وہ فیم گیم کی انامیکا ہو، حسین دلروبا کی رانی، یا مس میچڈ سے ڈمپل ہو، یہ مضبوط خواتین کے کردار آج کی خواتین کی عکاسی کرتے ہیں جو کہ ہر طرح کا خطرہ مول لینے والی اور باہمت ہیں۔

دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے یومِ خواتین کے موقع پر اہلیہ اور 5 بیٹیوں کے ہمراہ ’فیملی فوٹو‘ شیئر کی ہے۔

شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر یومِ خواتین کی مناسبت سے ایک ٹوئٹ شیئر کیا جس میں اہلیہ و بیٹیوں کے ہمراہ اپنی ایک تصویر جاری کی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’خواتین کائنات کی پرورش کرنے والی طاقت ہیں، وہ اسے زندہ، زیادہ رنگین اور متاثر کن بناتی ہیں۔‘

شاہد آفریدی نے کہا کہ 5 شاندار لڑکیوں کا باپ ہونے کے ناطے میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ خواتین میں دنیا کو بدلنے کی طاقت ہے، آئیے اس دن کو روزانہ منائیں اور ان کا ساتھ دیں، یوم خواتین مبارک!

یاد رہے کہ شاہد آفریدی کی پانچ بیٹیاں ہیں جن کے نام اقصی، اجوہ، انشاء ، اسمارہ اور عروہ ہیں۔

ادھر بالی ووڈ اسٹار کترینہ کیف نے خواتین کے عالمی دن پر ایک دلچسپ پوسٹ شیئر کی ہے۔

کترینہ کیف نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خواتین کے عالمی دن پر اپنی بہنوں کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر شیئر کی ہے۔اس تصویر میں کترینہ کیف اور ان کی بہنیں ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملائے ایک سڑک پر چلتے نظر آرہی ہیں۔

اُنہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ ایک ہی فیملی میں بہت ساری خواتین ہیں‘۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!