انسانیت کی خدمت اور بھلائی سے ایک باکردار معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے،الحاج جاوید اقبال

0

کوونٹری(نمائندہ خصوصی)آل شفیع ٹرسٹ کے چیئرمین الحاج جاوید اقبال نے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور بھلائی سے ایک باکردار معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے، بحیثیت مسلمان اور پاکستانی دیار غیر میں رہ کر ہمیں اپنا اور اپنے ملک اور قوم کا نام اور مقام بنانا ہو گا، ریڈنگ سٹی میں آل شفیع ٹرسٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر ہمیں غریب، ناداراور مساکین کی مدد کرنا ہو گی، جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیاطین کو قید کر دیا جاتا ہے۔ اس کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا، رمضان المبارک کی فضیلت اور اس کے تقاضے یہ ہیں کہ اﷲ تعالیٰ نے اس ماہِ مبارک کی اپنی طرف خاص نسبت فرمائی ہے۔

الحاج جاوید اقبال نے کہا کہ یہ مہینہ نیکیاں کمانے کا ہے،انہوں نے کہا کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ رمضان کی جب پہلی رات ہوتی ہے تو شیاطین کو بند کردیا جاتا ہے اور مضبوط باندھ دیا جاتا ہے اور سرکش جنوں کو بھی بند کردیا جاتا ہے اور دوزخ کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں۔ اس کا کوئی بھی دروازہ نہیں کھولا جاتا اور بہشت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور اس کا کوئی بھی دروازہ بند نہیں کیا جاتا اور ایک آواز دینے والا آواز دیتا ہے، اے نیکی کے طالب آگے بڑھ کہ نیکی کا وقت ہے اور اے بدی کے چاہنے والے بدی سے رک جا اور اپنے نفس کو گناہوں سے باز رکھ کیونکہ یہ وقت گناہوں سے توبہ کرنے کا اور ان کو چھوڑنے کا ہے اور خدا تعالیٰ کے لیے ہے اور بہت سے بندوں کو اﷲ تعالیٰ معاف فرماتے ہیں۔

دوزخ کی آگ سے بحرمت اس ماہ مبارک کے اور یہ آزاد کرنا رمضان شریف کی ہر رات میں ہے، شب قدر کے ساتھ مخصوص نہیں، چیئرمین ٹرسٹ نے کہا کہ آل شفیع ٹرسٹ رمضان میں اسلامی دینی کلاسوں کے ساتھ ساتھ غربا میں کھانااور کپڑے تقسیم کرے گا۔ سوہن گاؤں میں غربا مساکین کی تعلیم تربیت کا اس سلسلہ شروع ہے، رمضان المبارک میں ڈیمانڈ بڑھ جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور ٹرسٹ کر مضبوط بنائیں، مدد فرمائیں تاکہ عوام کی بہتر انداز میں خدمت کی جا سکے، اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!