منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سویڈن کے زیر اہتمام سٹاک ہوم میں عید ملن میلہ ،یتیم بچوں کے لئے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی
سٹاک ہوم(نمائندہ خصوصی)سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں منہاج و یلفیئر فاؤنڈیشن سویڈن کے زیر اہتمام عید مِلن میلہ کا انعقاد کیا گیا، اس عید میلہ میں خصوصی طور پر پاکستان سے آئے ہوئے قوال احمد احسان نوشاہی نے شرکت کی اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا قوالوں نے اس موقع پر مختلف قوالیاں پیش کیں اور سماں باندھ دیا جنہیں حا ضرین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا ۔
اس عید مِلن میلہ کے مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان سٹاک ہوم کے ہیڈ آف چانسری رزاق تھیبو تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں میلہ کے آرگنائزرز افتخار حیدر ،یاسین اعجاز ،محمد نوید ،چوہدری رحمت علی اورذمہ داران منہاج القرآن انٹرنیشنل سٹاک ہوم اور منہاج و یلفیئرفاؤنڈیشن سویڈن کو مبارکباد پیش کی ۔
فرانس سے آئے ہوئے علامہ طاہر عباس نے شرکا سے خطاب کیا اور حدیث پاکؐ کی روشنی میں یتیم کی کفالت کرنے والے کا مقام بیان کیا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور تحریک منہاج القرآن نے انسانی خدمت کا حق ادا کر دیا ،تحریک منہاج القرآن کو دین کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی خدمت کی توفیق بھی بخشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن انسانیت کی بھلائی اور فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہے،کسی بھی اسلامی ریاست کا پہلا فریضہ انسانی فلاح و بہبود ہے۔
اس عید مِلن میلہ میں مرد و حواتین سمیت بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، میلہ میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے کھانے پینے کپڑوں اور جیولری کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے ۔منہاج و یلفیئر فاؤنڈیشن سویڈن کی جانب سے یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے عظیم منصوبہ ’’ آغوش ‘‘ کے لئے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی۔