ہم سب کو ثابت قدم رہ کر ملک کی خوشحالی کے لیے کام کرنا چاہیے:سفیر ڈاکٹر محمد فیصل

0

پاکستان کے75ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ہاؤس برلن میں تقریب کا اہتمام

سفیرپاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ پاکستان کا پرچم لہرایا

برلن(مہوش ظفر)پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ہاؤس برلن میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جرمنی بھر سے مقامی جرمن باشندوں اور تارکین وطن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ پاکستان کا پرچم لہرایا۔تقریب کے دوران حسب روایت سفارتخانہ کے افسران کی جانب سے پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے کلمات میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمارے نوجوانوں،کھلاڑیوں اور کوہ پیماؤں نے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں جو ملک میں موجود بے پناہ صلاحیتوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاک جرمنی تعلقات ایک خاص نوعیت کے حامل ہیں، جس کا ادراک ہمیں ڈاکٹر روتھ فاؤ کی پاکستان کے لیے بے لوث خدمات سے ہوتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں اپنے بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے اور پاکستان ہر طور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی محاذوں پر ان کے حق خودارادیت کے منصفانہ مقصد کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی خوشحالی کے لیے کام کریں۔ انہوں نے اپنی زیر تحریر حالیہ کتاب کا حوالہ بھی دیا جس میں دو بھائیوں کی کہانی اور 1947 میں تقسیم کے دن کی تصویر کشی اور ہماری قومی تاریخ کے اس اہم دور میں لوگوں کو درپیش مشکلات کا حوالہ دیا گیا ہے۔

چودہ اگست کی اس تقریب میں کمیونٹی اور خاص طور پر پاکستانی طلباء کی خصوصی شمولیت بھی تھی۔تقریب میں پہلی بار تلاوت ایک نوجوان طالبہ لینا شہزاد نے کی اور چھوٹے بچوں کے گروپ نے قومی نغمہ پیش کیا۔ تقریب کی ایک اور خاص بات پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن (PSA)، ڈریسڈن، جرمنی ، اردو ریڈیو ڈوائچ لینڈ اور سفارت خانے کے ذریعے اردو تھیٹر Deutschland کا باضابطہ آغاز تھا، جس میں طلبہ نے مشہور ٹی وی ڈرامے’’آنگن ٹیہڑا‘‘سے متاثر ایک مختصر ڈرامہ پیش کیا، جس میں حب الوطنی اور مشکل وقت میں ہم وطنوں کے لیے ہمدردی کا پیغام دیا گیا تھا۔

مہمانوں نے فنکاروں کو ان کی بہترین کارکردگی پر سراہا اور کمیونٹی کے لیے اس طرح کی ایک جامع تقریب کے انعقاد پر سفارت خانے کے اقدام کو سراہا۔

سفیر پاکستان نے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں سفارت خانے کی جانب سے اس سے قبل اعلان کیے گئے آن لائن تصویری مقابلے میں شرکت کرنے والوں کو موقع پر موجود کمیونٹی کے افراد و تھیٹر ٹیم میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!