لندن(تارکین وطن نیوز)قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پاکستان جانے اور برطانیہ آنے والے مسافروں کیلئے خصوصی پروازیں شروع کرنے کیلئے پلان تیار کر لیا ہے۔
قومی ایئرلائن نے اپنے مسافروں کو چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے برطانیہ سے وطن عزیز پاکستان اور پاکستان سے برطانیہ لانے کیلئے انتظامات کیے ہیں۔قومی ایئرلائن کے سی ای او ارشد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان سے برطانیہ جانے اور برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں خاص طور پر برٹش پاکستانیوں کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔برطانیہ کے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے باہر نکالے جانے کے بعد برٹش پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کیلئے ٹکٹ کے حصول کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ برٹش پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ریڈ لسٹ کے خاتمے کے بعد پاکستان جانے کی منتظر ہے جو اب ٹکٹ کیلئے بے تاب نظر آ رہے ہیں۔ارشد ملک کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کے بعد ہم نے فوری تیاریاں شروع کر دی ہیں اور مسافروں کو برطانیہ لے جانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔