برلن(نمائندہ خصوصی)سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے ’’IAmRemarkable‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی جس کا اہتمام (PWIC)’’Pakistani Women In Computing‘‘ کے Europe Chapter نے کیا تھا۔یہ خصوصی ورکشاپ خاص طور پر ابھرتی ہوئی نوجوان طالبات کے لیے منعقد کی گئی،جو انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) کے مختلف شعبوں میں داخل ہو رہی ہیں اور مستقبل میں بطور تکنیکی ماہر کام کرنے کی خواہشمند ہیں۔
سفیر پاکستان نے پی ڈبلیو آئی سی کو ان کا یورپ چیپٹر کھولنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز بالخصوص خواتین دنیا کے سامنے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا لوھا منوا رہی ہیں اور ان کی اس شعبے میں بہت مانگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ PWIC یورپ چیپٹر پاکستانی ٹیکیز کے لیے یورپی مارکیٹ میں کامیابی کے ساتھ داخل ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
ڈکٹرمحمد فیصل نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا،اور کہا کہ موجودہ دور میں جب ملک کی طویل مدتی ترقی اور معاشی فوائد کو یقینی بنانے کے لیے نت نئی ٹیکنالوجیز سامنے آ رہی ہیں ۔
انہوں نے ملک کے تشخص کی بہتری اور پاکستان کے نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے سفارت خانے کی جامع اور مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے شرکاء کو پاکستان میں سیلاب کے تباہ کن اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ متاثرین کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں۔
پی ڈبلیو آئی سی کی مقررین ماہم خان اور سدرہ خان نے سفیر پاکستان کی جانب سے تنظیم کی حوصلہ افزائی اور تقریب میں شرکت پر انکا شکریہ ادا کیا۔