طلبہ نے دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے سمیت بارہ نمایاں پوزیشنز حاصل کیں
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں کیمرج انٹرنیشنل امتحانات 2022 میں پاکستانی طلباو طالبات نے میدان مار لیا ،دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے سمیت بارہ نمایاں پوزیشنز حاصل کر لیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن کی ہونہار طالبہ زینب اویس نےکیمسٹری میں مملکتِ سعودی عربیہ اور فزکس میں پوری دنیا میں اوّل پوزیش حاصل کی، اس کے علاوہ اس نے وسطی صوبے میں بہترین طالبہ کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ۔
ہونہار طالبہ امامہ تنویر نے اپنی ذہانت کا لوہا منواتے ہوئے کیمسٹری میں مملکت ِ سعودیہ عریبہ میں پہلی پوزیشن اور بیالوجی میں صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی اس کے علاوہ سائنس کے تینوں مضامین میں سعودی عرب میں تیسری جبکہ صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر کےادارے اور والدین کا نام روشن کیا ۔
اریبہ مقصود نے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔محمد عفان کاشف نے بیالوجی میں صوبہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور اپنی ذہانت کا لوہا منوایا ،محمد فیضان ساجد نے بھی بیالوجی کے میدان میں غیر معمولی صلاحیتوں کامظاہر ہ کرتے ہوئے صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور تینوں مضامین میں بہترین طالب علم قرار پائے۔
سارہ خالد نے سائنس کی دُنیا میں اپنی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ آمنہ صدیقی نے صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات میں تینوں سائنس مضامین میں تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
واضح رہے کہ یہ ایوارڈ اے لیول کے تین مضامین بیالوجی ، فزکس اور کیمسٹری میں نمایاں کارکردگی پر دیا گیا۔ اس پُر مسرت موقعہ پر سکول کے پرنسپل محمد تنویر نے طلبا کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شاندار نتائج ہمارے ہونہار طلباء و طالبات کی بے پناہ صلاحیتوں کے عکاس ہیں اور طلباء ، اُن کے والدین، اساتذہ، اسکول انتظامیہ، اسکول مینجمنٹ کونسل اور تمام پاکستانی کمیونٹی کے لیےباعث فخر ہے۔
انہوں نے مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ترقی کا یہ سفر جاری رکھیں گے اور یہ طلباءپیش رو طلبا ءکے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گے اور ملک کی عزت کو چار چاند لگائیں گے۔