مکہ مکرمہ (امیر محمد خان سے) سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ کرونا کے حوالے سے غیر ویکسین شدہ افراد کو بھی مسجد حرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہے، شرط یہ ہے کہ وہ خود کورونا کے مریض ہوں نہ ہی کسی متاثرہ شخص کے رابطے میں ہوں۔ ایسے افراد ’’ نُسک‘‘ ایپ کے ذریعے عمرہ کرنے کے لیے پرمٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق رمضان المبارک میں اعتکاف کرنے والوں کے استقبال کی تیاری مکمل کرلی گئیں ہیں، دوسری جانب مسجد الحرام میں اعتکاف کے 2500مقامات تیار کرلئے گئے ہیں۔
انتظامیہ حرمین شریفین کاکہناہے کہ ماہ مبارک کے آپریشنل پلان کے مطابق اس سال اعتکاف میں بیٹھنے کے لیے 2500مقامات کافی ہوں گے۔
دریں اثنا الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس سربراہ حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا کہ آخری عشرہ میں مردوں کے لیے شاہ فہد کا توسیعی تہہ خانہ، مردوں اور عورتوں کے لیے تیسری سعودی توسیع میں پہلی منزل کےپیچھے اور درمیان میں ہال تیار کیے گئے ہیں۔
شیخ السدیس نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری دس روز اعتکاف بیٹھنے والوں کو باہر نکلنے تک ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، رمضان المبارک میں نمازیوں کے لیے مسجد حرام کی چھت پر بھی انتظام کرلیا گیا ہے۔