سیالکوٹ میں آل محنت کش فیڈریشن کے زیراہتمام یوم مئی کی تقریب ،سیالکوٹ کے مزدوروں کے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور

سیالکوٹ جیسے بین الاقوامی اہمیت کے شہر کے مزدوروں کو کم از کم اجرت کے قانون پر پوری طرح عمل درآمد انتہائی ضروری ہے،مسز فریدہ ظہیر

آجر اور اجیر ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں،محمدیوسف حسن باجوہ

سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے ملکی زر مبادلہ کمانے میں کردار ادا کیا ہے اس میں سب سے زیادہ حصہ ہنر مندوں اور محنت کشوں کا ہے،عبدالشکور مرزا

سیالکوٹ(رپورٹ :اکبر جمیل باجوہ)آل محنت کش فیڈریشن ضلع سیالکوٹ کے زیر اہتمام گرین ہل فیکٹری میں یوم مئی کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیشنل ٹیکسٹائل لیدر گارمنٹس اینڈ جنرل ورکرز فیڈریشن کی جنرل سیکرٹری مسز فریدہ ظہیر،چیئر مین پاکستان سرجیکل ایسوسی ایشن سیالکوٹ یوسف حسن باجوہ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ کنسرن عبدالشکور مرزا،رانا محمد افضل صدر پاور لوم ایسوسی ایشن گوجرانوالہ مہمان خصوصی تھے۔

صدارت نیاز احمد ناجی نے کی ۔ تقریب کی نظامت جنرل سیکرٹری میاں محمد اقبال اور ولی اللہ مہر نے کی۔ مہمان خصوصی مسز فریدہ ظہیر نے کہا کہ سیالکوٹ جیسے بین الاقوامی اہمیت کے شہر کے مزدوروں کو کم از کم اجرت کے قانون پر پوری طرح عمل در آ مد انتہائی ضروری ہے جبکہ محکمہ سوشل سیکورٹی اور اولڈ ایج بینیفٹ میں تمام مزدوروں کی رجسٹریشن بھی وقت کا تقاضا ہے۔

مہمان خاص محمدیوسف حسن باجوہ نے کہا کہ آجر اور اجیر ایک دوسرے کا لازم و ملزوم ہیں۔ ان کا آپس میں مل جل کر کام کرنا دونوں کے مفاد ہے۔ ہم مزدوروں کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھتے ہیں اور ان کو حل کرنے پوری کوشش کریں گے۔

عبدالشکور مرزا نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے ملکی زرمبادلہ کمانے میں کردار ادا کیا ہے اس میں سب سے زیادہ حصہ ہنر مندوں اور محنت کشوں کا ہے جن کا استحصال ہو رہا ہے۔ مزدور یونین کے لیے سیالکوٹ میں لیبر ہال کی اشد ضرورت ہے جبکہ مزدوروں کے لیے کم از کم دس ہزار رہائشیں تعمیر کی جائیں۔

صدر تقریب نیاز احمد ناجی نے کہا کہ ان کی کوششوں سے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں سیالکوٹ کی صنعتی ترقی کا آغاز ہوا ۔ اب مزدوروں کے مسائل کی طرف حکمران توجہ نہیں دے رہے۔ جب تک ان کے مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

آل محنت کش فیڈریشنیوم مئی
Comments (0)
Add Comment