برسلز:دیارغیر میں دینی محافل کا اہتمام دین اسلام کی سربلندی کیلئے مشعل راہ ہیں،سید زبیب مسعود شاہ بخاری

برسلز(رپورٹ:عظیم ڈار) پاکستان کے نامور بین الاقوامی ثناء خواں سید زبیب مسعود شاہ بخاری دارالعلوم جامع اسلامیہ مولن بیک برسلز میں’’محفل نعت‘‘ کے عنوان سے بطور مہمان خاص برسلز تشریف لائے۔انھوں نے محفل نعت میں بچوں بڑوں نوجوانوں اور خواتین کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ دیار غیر میں ایسی محافل دین اسلام کی سربلندی کےلیے مشعل راہ ہیں۔ مبلغ یورپ صدر محفل حضرت علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری نے کہا کہ دینی محافل ہی دیار غیر میں نئی نوجوان نسل اور بچوں میں اسلام کی محبت کا سبب ہیں اور محفل نعت جیسے پروگرام میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام جگہ جگہ قریہ قریہ بلند ہو۔

انھوں نے کہا کہ دینی محافل میں عشق ومحبت کے ترانے بھی الاپے جاتے ہیں اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت و صورت کا پیغام بھی دیا جاتا ہے۔ مذید برآں انھوں نے پاکستان کے مخدوش حالات اور اداروں کی مضبوطی اور قوم کو متحد رہنے کےلیے دعا خاص کی۔

جامع اسلامیہ مولن بیک برسلز کے صدر حاجی عبدالقیوم نے تمام مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے محفل نعت کے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ مسجد ہذا کے فنانس سیکرٹری عتیق الرحمن حجازی نے کہا کہ ہم نے بڑی محنت کے ساتھ محفل نعت سجائی ہے۔ پروگرام میں بچوں اور نوجوانوں کی شرکت بڑی اہمیت کی حامل ہے، انھوں نے کہا کہ محبوب کی محفل کو محبوب سجاتے ہیں آتے وہی جن کو سرکار بلاتے ہیں۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ حافظ عرفان نے کیا ،محفل کی صدارت حضرت علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری نےکی ،جامعہ اسلامیہ مولن بیک برسلز کے امام وخطیب حضرت علامہ حافظ و قاری شفیق الرحمٰن نے بطور نگران شرکت کی۔ جبکہ نظامت کے فرائض امام وخطیب مسجد ہذا کے امام و خطیب حضرت علامہ عامر رزاق چشتی نے ادا کیے۔ اس موقع پر حضرت علامہ عامر رزاق چشتی نے نعتیہ کلام سے پروگرام میں حاضرین کو محضوظ کیا۔

’’آئی پھر یاد مدینے کی رُلانے کےلیے
دل تڑپ اٹھا دربار میں جانے کے لیے
کاش میں اڑتا پھروں خاک مدینہ بن کر
اور مچلتا رہوں سرکار کو پانے کے لیے‘‘

انھوں نے دینی محافل کو اسلام کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچے اور نئی نسل ایسی محافل کے ذریعے اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربت کا وسیلہ بنتے ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر مبلغ اسلام حضرت علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری نے دعا کرائی۔ محفل نعت میں بلجیئم بھر سے عاشقان رسول نے بھرپور شرکت کی۔

نیدرلینڈ سے میر مختار میر کے اشتراک سے جامع اسلامیہ مولن بیک برسلز میں پروگرام کو ترتیب دیا گیا۔دارالعلوم جامع اسلامیہ مولن بیک برسلز کے صدر عبدالقیوم فنانس سیکرٹری عتیق الرحمٰن حجازی ،حاجی تنویر ثاقب اورمسجد کمیٹی کے ممبران نے پاکستان کے روایتی پکوانوں سے مہمانوں کی تواضع کی۔

محفل نعت میں قرأت نعت کونسل ہالینڈ کے نوجوانوں نے ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے داد وصول کی۔ نماز مغرب سے شروع ہونے والی محفل نعت نماز عشاء پر اختتام پزیر ہوئی۔

Renowned International Sana KhawanSyed Zabib Masood Shah Bukhariسید زبیب مسعود شاہ بخارینامور بین الاقوامی ثناء خواں
Comments (0)
Add Comment