لندن(نمائندہ خصوصی) گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل کے چیئرمین راجہ سکندر خان اور صدر کالا خان نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ہم 16 اگست کو جڑانوالہ کرسچن کالونیوں میں پیش آنے والے المناک اور تباہ کن واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
گرجا گھروں اور گھروں کو جلانا ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ ہے جسے ان لوگوں کے ایک گروہ نے انجام دیا جو خود کو پاکستان کے شہری اور اسلام کے پیروکار کہتے ہیں۔ عالمی پاک کشمیر سپریم کونسل ایسے اقدامات اور ذہنیت کی شدید مذمت کرتی ہے۔
گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل حکام سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے سخت اور تیز کارروائی کی جائے اور ریاستی حکام گھروں اور گرجا گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کی بحالی میں مکمل تعاون کریں۔ ہم ان لوگوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں جوان مشنوں کو اکسانے اور فروغ دینے کے ذمہ دار ہیں۔
اگر اسلام کے خلاف کوئی توہین مذہب یا کوئی عمل یا مشن کیا گیا تھا تو بھڑکانے والوں اور سازش کرنے والوں کو مناسب قانونی ذرائع سے رجوع کرنا چاہیے تھا تاکہ ملک کے قانون کو برقرار رکھا جا سکے۔ نفرت اور انتقام کو بھڑکانے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں کو سزا اور ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔
اسلام نفرت اور تشدد کو بھڑکانے کے بجائے محبت، ہم آہنگی اور امن کا درس دیتا ہے۔