سبز اور سفید رنگوں میں ملبوس بچوں نے پروگرام کی رونق کو دوبالا کر دیا
ہال میں ہر طرف دل دل پاکستان جیوے جیوے پاکستان کی صدائیں بلند
فرینکفرٹ( اظہر کیانی ) جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں دوسرے گرینڈ فیملی جشن آزادی شو کی رنگا رنگ تقریب سبز اور سفید رنگوں میں ملبوس بچوں نے پروگرام کی رونق کو دوبالا کر دیا۔ہال میں ہر طرف دل دل پاکستان جیوے جیوے پاکستان کی صدائیں بلند ۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں عام پاکستانی اوورسیز کمیونٹی فرینکفرٹ کے زیراہتمام دوسرا گرینڈ فیملی جشن آزادی شو ایک مقامی ہال میں منعقد ہوا ۔ جس میں فرینکفرٹ اور گردونواح سے کثیر تعداد میں پاکستانی فیملیز نے شرکت کی۔
پروگرام کی نظامت اظہر کیانی اور زاہد چوہدری نے کی ۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت مالین زہرا راجپوت نے حاصل کی۔ اور نعت رسول مقبول صفہ زہرا راجپوت نے پڑھی ۔ گرینڈ فیملی جشن آزادی شو میں بچوں کے دو بڑے گروپوں الکرم گروپ اور پاکستانی ڈوئچ کلچر بروکے نے حصہ لیا ۔
دونوں گروپس کے بچوں نے پاکستانی ملی نغموں پر بہت ہی پروفیشنل اور خوبصورت طریقے سے پرفارم کیا ۔ اور ملی نغموں پر پروگرام شرکاء بھی جھومتے رہے اور خوب داد دیتے رہے ۔ دونوں گروپس نے شاندار پرفارمنس پیش کی۔ بچوں کی شاندار پرفارمنس پر ہال میں موجود شرکاء دل دل پاکستان، جیوے جیوے پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے ۔ مختلف بچوں نے پاکستان اور جشن آزادی کے حوالے سے تقاریر بھی کی ۔
معروف شاعر شریف اکیڈمی جرمنی کے سربراہ شفیق مراد اور معروف شاعرہ شازیہ نورین سید نے خوبصورت انداز میں شاعری سنائی اور حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔ پروگرام کی مہمان خصوصی ممبر ڈسٹرکٹ کونسل کنزگ محترمہ مہوش افتخار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ فرینکفرٹ میں موجود پاکستانی کمیونٹی اپنے وطن عزیز سے بے پناہ محبت رکھتی ہے جس کا یہ ثبوت ہے کہ آپ اتنی کثیر تعداد میں یہاں موجود ہیں۔
پروگرام کے دوسرے مہمان خصوصی سابق ناظم چوہدری سعادت نواز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایک بہت بڑے اور خوبصورت پروگرام کا انعقاد کیا اور اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ہمیں ملکر آگے بڑھنا ہوگا اور اپنے پیارے وطن پاکستان کو درپیش مشکلات اور مسائل سے باہر نکالنا ہے۔
عام پاکستانی اوورسیز کمیونٹی فرینکفرٹ کے آرگنائزر چوہدری احسان نذیر نے اپنی پوری ٹیم کی طرف سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم کی یہی کوشش ہے کہ ہم یہاں پر پیدا ہونیوالی نسل کو پاکستان اور اپنے کلچر سے جوڑے رکھیں ۔ اس کے بعد یو کے سے تشریف لائے معروف سنگر روبی اختر اور طارق خان نے اپنی مدھر اور سریلی آواز کا جادو جگایا۔
ملی نغمے پیش کیے اور شرکاء سے خوب داد وصول کی پاکستانی گانے ، نورجہاں کے گائے گئے گانوں پر شرکاء جھوم اٹھے اور خاص پنجابی گانوں پر نوجوانوں نے خوب بھنگڑے ڈالے ۔آخر میں بچوں کے دونوں گروپس میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔
اس پروگرام کے انعقاد میں علی شیخ سیس ٹریولز، سید شیراز گیلانی، سید آصف گیلانی گیلانی ٹریولز، رانا وسیم، راجہ طارق ، جمال ناصر ، بلال جاوید، حنیف چوہان، عبدالرحمن، تبسم ، عمیر تبسم ، اور روز کاسمیٹکس سٹوڈیو نے بھر پور تعاون کیا ۔
گرینڈ فیملی جشن آزادی شو کے آرگنائزرز چوہدری احسان نذیر، اظہر کیانی ، زاہد چوہدری، راجہ ناصر ، راجہ ارشد خان، چوہدری ناصر ، چوہدری فاروق، راجہ وحید سلطان نے تمام شرکاء شکریہ ادا ۔