ویانا (رپورٹ:محمد عامر صدیق) منہاج القرآن انٹرنیشنل ویانا آسٹریا کے زیراہتمام سالانہ میلاد مصطفیٰؐ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی فرحت حسین شاہ اور صدارتی تمغہ امتیاز قاری سید صداقت علی نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان آفتاب کھوکھر پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔محفل کی نقابت کے فرائض علامہ حفیظ اللہ قادری اور عمران علی مغل نے سر انجام دیئے۔محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔
نعت خواں حضرات نے ہدیہ گل ہائے عقیدت بار گاہ رسول اکرمؐ پیش کیے۔علامہ فرحت حسین شاہ نے سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہماری زندگی کی کامیابی کا انحصار آپؐ کے اسوہ حسنہ کے پہلوؤں پر عمل پیرا ہو کر ہی ہے۔
قاری سید صداقت علی نے قرآن مجید کی تلاوت اپنی پرسوز آواز میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ رسول اکرمؐ کی شان میں ہدیہ عقیدت بھی پیش کیا۔سفیر پاکستان آفتاب کھوکھر نے شرکاء محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہماری کامیابی کا راز رسول اکرمؐ کی ذات اقدس کی پیروی میں ہے،انھوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ویانا آسٹریا کو میلاد مصطفیٰ کانفرنس منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
پروگرام کے آخر میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ویانا شیخ محبوب عالم وارثی نے انتظامیہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ویانا کی طرف سے تمام شرکاء پروگرام کا شکریہ ادا کیا۔شرکاء پروگرام کے لئے ضیافت میلاد کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔