فلسطین کی حمایت کیوں کی؟ جرمن فٹ بال کلب نے مسلمان فٹ بالر سے معاہدہ ختم کردیا

برلن(ویب ڈیسک) جرمنی کے فٹ بال کلب ’مینز05‘ نے فلسطین کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے ’جرم‘ میں نیدرلینڈ کے مسلمان فٹ بالر انور الغازی کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق انور الغازی مراکش نژاد کھلاڑی ہیں جو دو مرتبہ نیدرلینڈز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

الغازی نے رواں سال ستمبر کے آخر میں جرمن فٹ بال کلب کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ اس سے قبل وہ پریمیئر لیگ میں آسٹن ولا اور ایورٹن کلب کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں۔اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں الغازی نے اسرائیلی بمباری سے فلسطینی شہریوں کی شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’فلسطین آزاد ہو گا۔‘‘

کلب کی طرف سے اس حوالے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’مینز 05اس حقیقت کا احترام کرتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کئی دہائیوں سے جاری پیچیدہ تنازعات پر مختلف نقطہ نظر پایا جاتا ہے تاہم کلب اس سوشل میڈیا پوسٹ کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ یہ کلب کی اقدار کے منافی ہے۔‘‘

کلب کی طرف سے معاہدہ معطل کرنے کے بعد انور الغازی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر مزید ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’حق کے لیے کھڑے ہوں، خواہ تمہیں اکیلے ہی کیوں نہ کھڑے ہونا پڑے۔ میرا روزگار ختم ہونے کا موازنہ اگر ان مظالم سے کیا جائے جو غزہ کے کمزور اور معصوم شہریوں پر ڈھائے جا رہے ہیں، تو میرا روزگار ختم ہونا کچھ بھی نہیں ہے۔‘‘

واضح رہے کہ جرمنی میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں پر بھی پابندی عائد ہے۔

Anwar El ghaziEl ghaziGerman football club Mainz 05
Comments (0)
Add Comment