برلن (رپورٹ:مطیع اللہ) پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن برلن نے پاکستان سے آنے والےنئے طلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا ، استقبالیہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، تلاوت کے بعد استقبالیہ کا باقاعدہ افتتاح پاکستان وجرمن کے قومی ترانوں سے کیا گیا جس کی احترام میں شرکاء کھڑے ہوئے ۔
سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے آنےوالے طالبعلموں کو جرمنی آمدپر خوش آمدید کہا ،سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے کہاکہ پاکستانی طالب علم جرمنی میں پروموٹر سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں،جرمنی کے شہری آپ کو پاکستان کے سفیر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آپ کے کردار کو دیکھ کر ہی وہ پاکستان کے لیے اپنا نقطہ نظر بنائینگے، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اسٹوڈنٹس کے لیے کافی تعداد میں نوکریوں کے مواقع بن ر ہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے باصلاحیت لوگ پاکستان کے طریقے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اگر یہاں کسی کو جاب ملتی ہے تو انہیں اپنے کردار کو ایسے رکھنا چاہیے جیسے ایک نمونہ ہو، انہوں نے کہا کہ جرمنی نے اپنی امیگریشن پالیسوں میں کافی نرمی کی ہے جس کی بدولت پاکستانی اسٹوڈنٹس کے لیے کافی مواقعے مل سکتے ہیں ۔
جس طرح کینیڈا نے اپنی پالیسیاں بنائی ہیں ،جرمنی بھی اس طرح پالیساں بناکر اپنی افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنا چاہتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ طالبعلم ہر ملک کا مستقبل ہو تے ہیں، آپ لوگو ں کے مسائل کے حل کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں،ہم ہر موقع پر آپ کے ساتھ ہیں، جولوگ اپنا تعلیمی سلسلہ مکمل کرکے پاکستان جانے کی تیاری کررہے ہیں وہاں بھی ان کا مستقبل روشنہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے نئے ابھرتے ہوئے سائنسدان نے کہا کہ طلبہ اپنی فیلڈ میں اپنے مستقبل کو تلاش کریں ، تاکہ تجربات کی بنیاد پر میدان عمل میں کامیابیاں سمیٹ سکے، انہوں نے اپنی علمی زندگی سے لیکر جرمنی میں تعلیمی سلسلے تک اور دنیاکے نامور سائنسدانوں کے درمیان رہتے ہوئے خلا میں آپریشن کی نگرانی تک کے احوال سے نئے طلبہ کو آگاہ کیا ،پاکستانی نوجوان جرمن سائنسدانوں کے ساتھ ملکر خلائی سیاروں اور اسپیس میں زندگی تلاش کررہے ہیں ۔
استقبالیہ کے منتظمین اور پاکستان اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبرنعمان توصیف نے پی ایس اے کے مقاصد بیان کئے، انہوں نے کہا کہ پی ایس اے ابھی فعال ہوا ہے جبکہ ہر یونیورسٹی میں یونٹس بنائے گئے ہیں تاکہ پاکستانی اسٹوڈنٹس کی رہنمائی کرسکے۔
اس موقع پر پی ایس اے کے برلن کے صدر احمد وٹو نے نئے آ نے والے طلبہ کی رہنمائی میں رہائشی مسائل، رجسٹریشن اوردیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ پی ایس اے برلن کے جنرل سیکرٹری نے نوکری کی تلاش اور اس کے لیے تیاری پر رہنمائی کی ۔
بعدازاں سوالات وجوابات کا سلسلہ شروع ہوا جس پر پی ایس اے کی موجودہ باڈی کے ممبران اور سینئر اسٹوڈنٹس رہنمائوں نے جوابات دیئے ،استقبالیہ میں برلن میں نئے آ نے والے طلبہ کو رہائش کے مسائل سے لیکرجاب کی تلاش اور ویزے تجدید کرنے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور کہا گیا کہ برلن میں رہائش،رجسٹریشن، ویزا ایکسٹنشن، جرمن لینگویج اور جابز کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرینگے۔
استقبالیہ میں سینئر اسٹوڈنٹ نے نئے آ نے والے طلبہ کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس اے ہر سال نئے آ نے والے طلبہ کے لیے استقبالیہ کا اہتمام کرتا ہے، برلن اور گردو نواح میں قائم جرمن یونیورسٹیز میں داخل ہو نے والے پاکستانی طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پی ایس اے ہر ممکن رہنمائی فراہم کرتا ہے، آخر میں شرکاء کے لیے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا۔