دنیا کے تمام امن پسند ملکوں کو بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنا ہو گا،مقررین
پیرس (رپورٹ:سلطان محمود) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس نے یوم سیاہ کی تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کی صدارت مرزا آصف جرال نے کی اور نظامت کے فرائض کشمیری راہنما ذوالفقار عزیز نے ادا کئے۔
یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے کوششیں مزید تیز کرنی چاہئیں۔ دنیا کے تمام امن پسند ملکوں کو بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی ایک جیل میں تبدیل ہو چکی ہےاور قتل وغارت کا بازار گرم ہے لیکن عالمی قوتیں اس پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ مقررین مرزا آصف جرال ، صاحبزادہ عتیق الرحمن ، راجہ بابر حسین ، ملک منیر احمد ، راجہ اشفاق ، عصمت اللہ گوندل اور عمران بٹ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی و کشمیری کمیونٹی بھارت کا سیاہ چہرہ دُنیا کے سامنے لانے کے لئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائے۔
بھارت اور طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنا ہوگا، ہم بھارت کے یوم آزادی کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ جب تک بھارت کشمیر کو آزاد نہ کردے تب تک ہم بھارت کے یوم آزادی کو تسلیم نہیں کرینگے اور اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیں گے۔
کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں عملی جدوجہد کے لئے از سر نو اپنی پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔ کشمیری حق خود ارادیت کے حق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔