سمائل ایڈ انٹرنیشنل کی جانب سےماہ رمضان میں ضرورت مند افراد کو اشیاء خوردونوش پہنچانے کیلئے خصوصی عشائیہ
مانچسٹر (محمد فیاض بشیر) ماہ رمضان میں ضرورت مند افراد کو اشیاء خوردونوش پہنچانے کے لیے سمائل ایڈ انٹرنیشنل نے خصوصی عشائیہ کا اہتمام کیا ۔
عشائیے میں قونصل جنرل پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر طارق وزیر خان ، لارڈ میئر مانچسٹر یاسمین ڈار ، قونصل جنرل ترکیہ سیفی اونر، قونصل جنرل عراق جواد اور پاکستان سے آئی فنکارہ مومل شیخ کے علاوہ دیگر سرکردہ شخصیات ڈاکٹر لیاقت ملک ،یاسمین عالم ، آصف رشید بٹ، ظفر اقبال ، سمائل ایڈ انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو شہباز سرور، ڈائریکٹر سمائل ایڈ ابوبکر سرور نے خصوصی شرکت کی۔
لاڑڈ مئیر مانچسٹر یاسمین ڈار نے کہا کہ سمائل ایڈ ضرورت مندوں کے لیے مصروف عمل ہیں کمیونٹی دل کھول کر عطیات دے رہی ہے ۔ قونصل جنرل طارق وزیر خان نے کہا تنظیم ضرورت مند دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے پیش پیش ہے ہماری نیک خواہشات انکے ساتھ ہیں۔
قونصل جنرل ترکیہ سیفی اونر نے کہا سمائل ایڈ غزہ کے بے سہارا اور ضرورت مند افراد کے لیے خیراتی رقم جمع کر رہی ہے ہم انکو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں انکے ساتھ ہیں۔ عراقی قونصل جنرل جواد کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں اور ضرورت مند افراد کی بنیادی ضروریات پورا کرنے کے لیے چندہ جمع کر رہے ہیں ۔
آصف رشید بٹ اور ظفر اقبال نے بھی سمائل ایڈ کی دکھی اور ضرورت مند انسانیت کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ ڈاکٹر لیاقت ملک نے کہا کہ سمائل ایڈ کے روح رواں شہباز اور ابوبکر سرورنے عرصہ دراز سے اپنے اپکو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کیا ہوا ہے ۔
پاکستانی اداکارہ مومل شیخ کا کہنا تھا کہ جب آپ کسی خیراتی ادارے سے وابستہ ہو جاتے ہیں تو جب کمیونٹی ہماری بات سنکر انسانیت کی خدمت کرتی ہے تو یہ ہمارے لیے باعث فخر ہوتا ہے سمائل کی دکھی اور ضرورت مند انسانیت کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابل ستائش ہیں ، ممتاز سماجی خاتون یاسمین عالم و دیگر نے بھی سمائل ایڈ انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دورسروں کے لیے قابل تقلید قرار دیا ۔
سمائل ایڈ انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو سرور شہباز اور ڈائریکٹر ابوبکر شہباز نے تمام مہمانوں اور کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان کے آغاز پر ہم ان مسلمان ممالک کی مشکلات کو منظر عام پر لا رہے ہیں جنہیں نظر انداز کیا ہوا ہے تاکہ انکی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے کمیونٹی کے مشکور ہیں جنہوں نے ہماری آواز پہ لبیک کہتے ہوئے دل کھول کر عطیات پیش کیے ۔
شرکائے تقریب نے عالمی سطح پر دکھی انسانیت کے لیے سمائل ایڈ انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دوسروں کے لیے قابل تقلید قرار دیا ۔