برطانیہ (محمد فیاض بشیر) پاکستان پریس کلب برطانیہ کا جنرل کونسل کا اجلاس مورخہ 19 مارچ 2024 بروز منگل برطانوی وقت کے مطابق شام چار بجے زیر صدارت مرکزی صدر پریس کلب شیراز خان آن لائن منعقد ہوا ۔
اجلاس میں پریس کلب کے سابق صدر ارشد رچیال، سینئر نائب صدر مسرت اقبال،سابق سینئر نائب صدر چوہدری اکرم عابد، مرکزی نائب صدر اسرار راجہ، سیکرٹری فنانس عدیل خان، سیکرٹری اطلاعات عمران راجہ، سابق نائب صدر آفتاب بیگ، ایگزیکٹو ممبران راجہ لیاقت حسین، جمیل منہاس، ساجد عزیز جبکہ پانچوں برانچز کے صدور جن میں لوٹن برانچ کے صدر اسرار خان، برمنگھم برانچ کے صدر ربنواز چغتائی، سیکرٹری جنرل عابد کاظمی، مانچسٹر برانچ کے صدر ماجد نزیر، سیکرٹری جنرل اسحاق چوہدری، شیفیلڈ براچ کے صدر شفقت مرزا، یارکشائر برانچ کے صدر حسیب ارسلان، ممبران قاسم علی افتخار کلوال و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کی نظامت کی فرائض مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پریس کلب برطانیہ زاہد نور نے سرانجام دیئے۔اجلاس میں صدر پریس کلب شیراز خان نے ایک سال منتخب باڈی کا مکمل ہونے پر موجودہ عہدیداران اور ممبران کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور پریس کلب کے لیے اُن کے کردار کی تحسین کی جبکہ سیکرٹری جنرل زاہد نور کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اجلاسوں کی کارروائی اور دیگر امور پر پیشہ وارانہ طور پر احسن طریقے سے سرانجام دئیے اجلاس میں بانی صدر مبین چوہدری مرحوم کو تمام ممبران اور عہدیداروں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُن کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔
اجلاس میں سابق صدر ارشد رچیال اور سینئر نائب صدر چوہدری اکرم عابد نے موجودہ باڈی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اُن کا مزید کہنا تھا کہ پریس کلب کی یہ روایت رہی ہے کہ یہاں ہر سال الیکشن کا انعقاد کیا جاتا ہے اور پریس کلب اپنی جمہوری روایات کو ہرصورت قائم رکھے گااجلاس میں سال 2024 کے انتخابات کے لیے 21 اپریل 2024 کی تاریخ متفقہ طور پر طے پائی جبکہ صدر شیفیلڈ برانچ شفقت مرزا کی جانب سے آئندہ انتخابات کو دسمبر کی بجائے اپریل یا مئی کے مہینے میں کروانے کی قرارداد پیش کی گئی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں صدر یارکشائر برانچ حسیب ارسلان کی جانب سوشل میڈیا پر کام کرنے والے صحافیوں کو رُکنیت دینے کے حوالے سے تجویز بھی پیش کی گئی جس کو صدر پریس کلب شیراز خان نے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ایجنڈے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اجلاس میں پانچوں برانچز کے صدور کی جانب سے الیکشنز کے انعقاد اور جمہوری عمل کو جاری رکھنے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ،الیکشن کی حتمی تاریخ کے تعین کے بعد آئندہ چند روز میں الیکشن کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا جائے گا جس میں تمام اہل ممبران کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہو گا۔