ورکرز پارٹی کے نامزد18سے زائد پاکستانی نژاد مسلمان ممبر پارلیمنٹ کے امیدواروں کیلئے لانچنگ تقریب
مانچسٹر(رپورٹ:وسیم چودھری) برطانیہ کے شہر مانچسٹر چیتم ہل میں برطانیہ کی نئی سیاسی جماعت ورکرز پارٹی کے نامزد 18سے زائد پاکستانی نژاد مسلمان و لوکل کمیونٹیز کے مختلف حلقوں سے ممبر پارلیمنٹ کے امیدوار وں کے لئے لانچنگ تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کا اہتمام بزنس مین بلال غفور نے کیا تھا جس میں ورکرز پارٹی کے سربراہ جارج گیلوے نے خصوصی شرکت کی ،تقریب میں امیدواروں نے غزہ اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور برطانیہ میں لوکل ایشوز پر اظہار خیال کیا ۔
نارتھ ویسٹ برطانیہ سے پاکستانی نژاد امیدوار عام انتخابات میں بڑی تعداد میں حصہ لے رہے ہیں، مانچسٹر سے ڈاکٹر خلیلہ چودھری، عامر غوری ، عبدالصمد، اسٹاک پورٹ سے عائشہ خان ، آشٹن سے عرومہ حسن، بری سے سمیرا اشرف، بولٹن سے جیک خان ، مصباح کاظمی، نیلسن سے سید معروف شاہ ، سمیت دیگر امیدوار ممبر پارلیمنٹ کے لئے پہلی بار فلسطین کے مظلوموں کی آواز بن کر اٹھے ہیں ۔
ممبر برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلوے ان کی قیادت کررہے ہیں ،بلال غفور ، جارج گیلوے، پارلیمنٹری امیدواروں کا کہنا ہے کہ وہ برطانیہ میں بڑی تبدیلی کے خواہش مند ہیں، ورکرز پارٹی بڑے سرپرائز دے گی۔
تقریب میں ورکرز پارٹی کے آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا گیا،برطانیہ میں عام انتخابات میں پہلی بار بڑی تعداد میں ورکرز پارٹی سے پاکستانی و مسلمان مرد و خواتین حصہ لے رہے ہیں اور فلسطین غزہ میں مظالم کی بندش کا مطالبہ کررہے ہیں۔