برلن (مطیع اللہ) جرمنی میں اوورسیز پاکستانیوں کے بہترین ترجمان پاکستان جرمن پریس کلب کے ٹرم مکمل کرنے والے عہدیداران نے آئندہ چار سالوں کے لیے باہمی مشاورت اور مشترکہ طور پر نئی کابينہ کا انتخاب مکمل کرلیا ۔
سابق صدر سلیم بٹ کے دو بار صدارت کی ٹرم پوری ہونے پر نئی کابینہ کا انتخاب کیا گیا ۔مشترکہ انتخاب کے مطابق نئی کابینہ میں سینئر صحافی ظہور احمد چیئرمین ،دنیا نیوز کے نمائندے نظیر حسین کو چیئرپرسن جبکہ معروف صحافی سید رضوان شاہ کو آئندہ چارسالوں کے لیے صدرمنتخب کرلیا گیا۔
دیگر کابينہ میں دنیا نیوزبرلن کے نمائندے مطیع اللہ کو سینئر نائب صدر ،جبکہ 92 نیوز بون کے صحافی عمران مہر کو جنرل سیکرٹری ،معروف کالم نگار مختلف کتابوں کے مصنف مرزا روحیل بیگ کو جوائنٹ سیکرٹری اور معروف اسپورٹس صحافی و اردواینڈپڈنٹ کے نمائندے سید حیدر نقوی کو فنانس سیکرٹری کے لیے آئندہ سیشن کے لیے منتخب کیا گیا۔
پاکستان جرمن پریس کلب جرمنی میں گزشتہ 17 سالوں سےفعال کردار ادا کرر رہا ہے، نئی کابینہ کا تقریب حلف برداری کا اعلان جلد کردیا جائے گا، پاکستان جرمن پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران نے کلب کے معاملات کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کا عہدکیا ۔