شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال میں 70فیصد مریضوں کا فری علاج ہوتا ہے، ڈاکٹرعاصم یوسف

فرینڈز آف شوکت خانم ان سیکنڈینیویا کی فنڈریزنگ ڈنر میں ایک کروڑ سے زائد کے عطیات جمع

اوسلو(رپورٹ:عقیل قادر) فرینڈز آف شوکت خانم ان سیکنڈینیویا کے زیر اہتمام اوسلو میں ایک فنڈریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے ڈاکٹر عاصم یوسف اور پاکستان کی معروف اداکارہ ریشم نے خصوصی شرکت کی۔

شوکت خانم ہسپتال سے معاونت کرنے والے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی۔ تقریب کا آغاز سماجی رہنما محمد غیاث نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور ناروے کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔

نقابت کے فرائض فرینڈز آف شوکت خانم ان سیکنڈینیویا کے جنرل سیکریٹری زاہد بشیر اور نائب صدر کنول سجاد نے احسن انداز میں سر انجام دیئے۔فنڈ ریزنگ تقریب میں ایک کروڑ روپے سے زائد کے عطیات جمع کیے گئے۔

ڈاکٹر عاصم یوسف نے شوکت خانم ہسپتال کراچی کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ کراچی میں قائم ہونے والا ہسپتال بہت بڑا اور جدید ترین مشینری سے مزین ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریبا پونے دولاکھ افراد کینسر جیسی موذی بیماری کا شکار ہوتے ہیں اور تقریباپچاس فیصد مریض کینسر کی بروقت تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

شوکت خانم ہسپتا ل میں ستر فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے جن کے اخراجات زکوۃ و عطیات سے پورے کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مریضوں کا علاج ایک جیسا کیا جاتا ہے جس میں امیر اور غریب میں کوئی امتیاز نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں مہنگائی کی وجہ سے کراچی ہسپتال کے تعمیری بجٹ میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہسپتال کی اوپنگ اٹھارہ ماہ لیٹ ہو گئی ہے۔

اداکارہ ریشم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال غریب اور نادار لوگوں کے لیے بہت بڑی نعمت ہے، دنیا میں سب سے بہترین عمل انسانیت کی خدمت ہے اور خدمت کا دوسرا نام شوکت خانم ہسپتال ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے صدقات و عطیات کی مد میں کی جانے والی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

فرینڈز آف شوکت خانم ان سیکنڈینیویا کے صدر شہباز طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال ناروے سے کروڑوں روپے صدقات و خیرات کی مد میں شوکت خانم ہسپتال کو بھیجے جاتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر سوندرے نورشترند مسلم سینٹر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال انہوں نے تقریباََ ایک کروڑ روپے کے عطیات شوکت خانم کو دیئے ہیں۔

شہباز طارق نے شوکت خانم سے تعاون کرنے والے تمام احباب اور تنظیمات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام عطیات اسلامی اصولوں کے مطابق خرچ کیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر مختلف تنظیمات اور افراد کو شوکت خانم ہسپتال سے تعاون پر تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

اداکارہ ریشمڈاکٹر عاصم یوسفشوکت خانم میموریل کینسر ہسپتالعطیاتفرینڈز آف شوکت خانم ان سیکنڈینیویافنڈریزنگ ڈنر
Comments (0)
Add Comment