فلسطین غزہ میں پچھلے ایک برس سے جاری انسانیت کا قتل عام بند ہونا چاہئے، ڈیبی ابراہم
عالمی برادری اور حکومت برطانیہ مسئلہ کشمیر حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے،راجہ نجابت حسین
دنیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ضروری ہے،نائلہ شریف
اولڈہم (محمد فیاض بشیر) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے عالمی یوم امن کے موقع پر لاہوری گرل اینڈ توا اولڈہم میں تقریب کا انعقاد کیا ۔تقریب میں نو منتخب رکن برطانوی پارلیمنٹ ،برطانوی پارلیمنٹ آل پارٹیز فلسطین کمیٹی کی چیئرپرسن و ورک اینڈ پینشن کمیٹی کی چیئر پرسن ڈیبی ابراہم نے خصوصی شرکت کی ۔
جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئر پرسن راجہ نجابت حسین ،سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمان ، تجزیہ نگار حامد المرشقی ،سابق مئیر اولڈہم کونسلر شعیب اختر ، چیئرپرسن جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل برطانیہ کونسلر نائلہ شریف، کونسلر آفتاب حسین ، تجزیہ نگار صحافی ثمینہ خان پروفیسر تیمور شفیق ، پیری بوٹا،جان ابراہم،یاسمین عالم، محمد راشد چوہدری محمد اقبال ،سیکرٹری جنرل جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل محمد اعظم ، محمد ذیشان ، حمیرا و دیگر کی شرکت ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ،محمد راشد کو بابرکت سعادت نصیب ہوئی ۔
ڈیبی ابراہم کا کہنا تھا کہ فلسطین غزہ میں پچھلے ایک برس سے انسانیت کا قتل عام ہو رہا ہے اسے بند ہونا چاہیے، عالمی امن دن کے موقع پر میرا یہ پیغام ہے اس وقت دنیا میں سو سے زائد اسلحہ سے لیس جنگی فساد ہیں دنیا کے امن کے لیے انکا پرامن حل ضروری ہے ۔
جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئر مین راجہ نجابت حسین نے کہا ہم نے ڈیبی ابراہم کی موجودگی میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جب تک مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں جارحیت بند نہیں ہوتی اور اسکا پرامن حل نہیں ہوتا ،دنیا میں پائیدار امن نہیں آسکتا ۔انہوں نے عالمی برادری اور برطانیہ کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے،مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں بھارت کا بھیانک چہرا بے نقاب کرنے کے لیے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل برطانیہ میں مہم چلا رہی ہے ۔
چیئر پرسن جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل برطانیہ نائلہ شریف نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ضروری ہے۔ تجزیہ نگار حامد المرشقی نے کہا کہ جتنی دنیا آج جنگ کی وجہ سے غیر محفوظ ہے پہلے نہیں تھی دنیا میں امن کا واحد حل کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے حل کیا جائے۔
ثمینہ خان نے کہا کہ عالمی برادری کو دنیا بھر میں حل طلب مسائل کو حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، تب ہی دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے ۔جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے جنرل سیکرٹری محمد اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کے ساتھ برطانیہ کی حکومت مسئلہ کشمیر و فلسطین کے پرامن حل کے لیے اپنا عملی کردار ادا کرے ۔
عالمی یوم امن کے موقع پر جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی مسئلہ کشمیر و فلسطین کے پائیدار پرامن حل کی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔