تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام ڈبلن میں سالانہ میلاد النبیؐ کانفرنس کا انعقاد

ڈبلن آئرلینڈ (وسیم بٹ) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام ڈبلن میں سالانہ میلاد النبیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں آئرلینڈ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے رفقاء واراکین وابستگان اور دیگر خواتین و حضرات اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس میلاد کانفرنس کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل سکاٹ لینڈ گلاسگو کے ڈائریکٹر اور منہاج سکالر فورم برطانیہ کے صدر علامہ محمد شاہد بابر تھے اس کے علاوہ منہاج سسٹر یو کے نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی جن میں مریم خان،فاطمہ صدیقی اور عائشہ پروین شامل تھیں۔

میلاد کانفرنس کا آغاز حافظ تنویر حسین نے صحیفہ انقلاب قرآن مجید فرقان حمید کی آیات بیانات سے کیا ثنا خوان مصطفیٰؐ میں ظہیر احمد خان ،خرم نوید ،ڈاکٹر محمد گلزار ،چوہدری جبران ،محمد شفاء خواتین میں ڈاکٹر منتہیٰ مجید اور بچوں میں محمد احمد رضا ،علی حسنین اور حمزہ آصف شامل تھے جنہوں نے اپنی خوبصورت آوازوں میں توصیف مصطفیٰؐ پیش کر کے حاضرین پر کیف و سرور کی کیفیت طاری کر دی جس سے فضا اللہ اکبر یا رسولؐ اللہ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

منہاج القرآن آئرلینڈ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محی الدین نے اپنے منفرد اور خوبصورت انداز میں نقابت کے فرائض ادا کر کےحاضرین کو بہت محظوظ کیا اور ان سے خوب داد حاصل کی ۔تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے صدر وسیم بٹ نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا مہمان خصوصی علامہ محمد شاہد بابر اور منہاج سسٹر یو کے کا مختصر تعارف کرایا اور آئرلینڈ میں منہاج القران کی ہونے والی تمام سرگرمیوں سے حاضرین کو آگاہ کیا ۔

سٹیج پر امیر تحریک علامہ محمد عدیل اور پیر شیراز حسین قادری بھی مہمان خصوصی علامہ محمد شاہد بابر کے ساتھ جلوہ افروز تھے ،علامہ محمد شاہد بابر نے عظمت شان مصطفیٰؐ اور حضورؐ کی عالم بشری میں بے مثلیت و انفرادیت پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور تاجدار کائناتؐ روح ایمان ہے آپؐ کی ذات اقدس سے رشتہ محبت استوار کیے بغیر نہ تو لذت ایمان نصیب ہو سکتی ہے اور نہ ہی اللہ رب العزت سے تعلق عبودیت قائم ہو سکتا ہے آپؐ خالق کائنات تک پہنچنے کا واحد اور لازمی واسطہ ہیں لہٰذا آپؐ کی الفت و رحمت کہ چراغ فروزاں کیے بغیر جادہ مستقیم پر گامزن نہیں ہوا جا سکتا۔

آپ نے حضور نبی اکرمؐ کی مثلیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مومن کی شان یہ ہے کہ وہ حضورؐ کی مثلیت کا انکار نہ کرے اس کا اقرار کرے لیکن مومن اپنی ساری زندگی حضورؐ کی فضیلت بیان کرتا رہے فضائل بیان کریں حضورؐ کے مناقب بیان کرے حضورؐ کا ذکر بیان کرے حضورؐ کے اہل بیت اور صحابہ کے مناقب بیان کرے ۔

اس کے علاوہ منہاج سسٹر یو کے کی فاطمہ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عورت کو اسلام کی عطا کردہ عزت و تکریم ہی تھی جس سے وہ معاشرے کا ایک موثر اور باوقار حصہ بن گئی اور اس نے زندگی کے ہر شعبہ میں نمایاں کردار ادا کیا انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہم نے آئرلینڈ میں پہلی مرتبہ میلاد کانفرنس میں شرکت کی اس پر میں منہاج القرآن آئرلینڈ کی پوری ٹیم کو مبارک باد اور شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے اتنی خوبصورت میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا اور مجھے خطاب کرنے کا موقع بھی دیا ۔

اس موقع پر میں خواتین کو ایک خصوصی پیغام دینا چاہتی ہوں کہ 15 نومبر سے لے کر 17 نومبر تک لندن میں خواتین کے لیے ایک التزکیہ کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس کیمپ کی مہمان خصوصی ڈاکٹر غزالہ حسن قادری ہوں گی یہ ہمارے لیے روحانی ترقی اور تزکیہ نفس کا ایک شاندار موقع ہے خواتین کو اس میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے ۔

اس میلاد کانفرنس کے موقع پر شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہر القادر کی کتب کا اسٹال بھی لگایا گیا جس پر حاضرین کی خصوصی دلچسپی رہی آخر میں حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا تمام عالم اسلام پاکستان کی ترقی خوشحالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور حاضرین کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی ۔

اس کانفرنس کے انتظام و انصرام میں جن خاص شخصیات کا تعاون رہا ان میں منہاج نیشنل ایڈوائزری کمیٹی کے چیئرمین اور معروف قانون دان سولیسٹر چوہدری عمران خورشید کونسلر عمار علی اور منہاج القرآن کی ایگزیکٹو ٹیم شامل تھی۔

تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈسالانہ میلاد النبیؐ کانفرنس
Comments (0)
Add Comment