سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) آدھی رات کے سورج کی سرزمین سویڈن کے بارے میں عارف محمود کسانہ کی لکھی گئی کتاب "وطنِ ثانی” اسلام آباد میں سویڈن کے سفارت خانہ میں پیش کی گئی۔
یہ کتاب جناب محمد صدیق، سابق مشیر وفاقی ٹیکس محتسب نے سویڈن کے سفارت خانہ اسلام آباد میں سیاسی، تجارتی اور مواصلاتی سیکشن کی سربراہ، جیسکا مارٹیبو کو پیش کی اور انہیں کتاب کے مندرجات سے آگاہ کیا۔ سویڈش ایمبیسی میں ہونے والی اس ملاقات کا ماحول بہت خوشگوار رہا۔
جناب محمد صدیق نے جیسکا مارٹیبو کو عارف کسانہ کی خدمات سے آگاہ کیا جو وہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کے لئے انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان اور سویڈن کے سفارتی تعلقات کے پچھتر سال مکمل ہونے کے موقع پر نیشنل بک فاؤنڈیشن اسلام آباد کی جانب سے وطنِ ثانی کتاب کی اشاعت ایک خوش آئند اقدام ہے۔
انہوں نے سویڈش سفارت کار کو کتاب کا انگریزی تعارف بھی پیش کیا، جس میں سویڈن کے بارے میں تمام ضروری معلومات شامل ہیں، جیسے کہ سویڈن کا نظام حکومت، سیاست، اعلیٰ تعلیم، امیگریشن، کام، ملازمت، کاروبار، سویڈن کے قوانین، رسم و رواج، ثقافت، سویڈن میں اسلام، اردو، پاک سویڈن تعلقات، تارکین وطن، سویڈن کی اہم شخصیات اور دونوں ممالک کے درمیان روابط کی تفصیلات شامل ہیں۔
اس ملاقات میں جناب محمد صدیق نے سویڈش سفارت کار کو عارف کسانہ کی بچوں کے لئے لکھی گئی کتابیں Delightful Stories for Children 1 & 2 اور وفاقی ٹیکس محتسب کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔
انہوں نے اپنے سویڈن کے دوروں اور سویڈن کے پارلیمانی محتسب کے ساتھ ملاقاتوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔سویڈش سفارت خانہ کی سیاسی، تجارتی اور مواصلاتی سیکشن کی سربراہ جیسکا مارٹیبو نے جناب محمد صدیق کا شکریہ ادا کیا اور وطنِ ثانی کے مصنف عارف محمود کسانہ کے لیے تہنیت کا پیغام دیا۔