اخوت سویڈن کے زیر اہتمام عوامی آگہی کے سلسلہ میں امراض قلب بارے ہیلتھ سیمینار کا انعقاد

سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) اخوت سویڈن کے زیر اہتمام عوامی آگہی کے سلسلہ میں امراض قلب کے حوالے سے ایک ہیلتھ سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار میں دل کے امراض، ان کی وجوہات، علاج، احتیاطی تدابیر اور خوراک کے حوالے سے ڈاکٹروں اور طبی ماہرین نے آسان اردو زبان میں معلومات سے شرکاء کو آگاہ کیا، ہیلتھ سیمینار بروقت شروع ہوا۔

اخوت سویڈن کے صدر عارف محمود کسانہ نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انسانی صحت سب سے اہم ہے اور اخوت سویڈن نے عوام الناس کو طبی معلومات بہم پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جس میں متعلقہ شعبہ کے ڈاکٹر تمام تر تفصیلات اردو میں بیان کرتے ہیں۔ اس سے قبل ذہنی بیماریوں، ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے حوالے سے سیمینار منعقد کئے گئے۔

امراض قلب کے اس سیمینار سے ڈاکٹر حسن ناصر سٹاک ہوم، پروفیسر ڈاکٹر شفقت احمد سودرتھورن یونیورسٹی سٹاک ہوم، ڈاکٹر عاطف منصور امیو اور ڈاکٹر عاصم اسلم اپسالا نے شرکت کی اور امراض قلب کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔

طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشائی ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں دنیا کے دیگر ممالک کے شہریوں سے دل کے امراض زیادہ ہیں۔ ان سے بچائو کے لئے بہتر اور متوازن غذا، ورزش، تمباکو نوشی سے پرہیز، باقاعدگی سے صحت کا معائنہ اور ذہنی دبائوسے بچنا بہت ضروری ہے۔

جدید طبی تحقیق کی روشنی میں بصری سلائیڈوں کی مدد سے شرکاء کو دل کے امراض کے حوالے سے بتایا گیا۔ اس موقع پر دل بند ہونے کی صورت میں فوری طبی امداد یعنی سی آر پی کا طریقہ کار سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا گیا۔ سیمینار کے آخر میں شرکاء نے طبی ماہرین سے سوالات بھی کئے۔

ایک سوال کے جواب میں ماہرین کا کہنا تھا کہ چینی کی بجائے مصنوعی مٹھاس لینی چاہیے اور اس کے مضر اثرات کے حوالے سے کوئی تحقیق ابھی سامنے نہیں آئی، سیمینار کے اختتام پر مہمان طبی ماہرین کو اخوت سویڈن کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی گئیں۔

اخوت سویڈن کے جنرل سیکرٹری ابرار اکبر کو ان کی اخوت کے لئے خدمات کے اعتراف میں اخوت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی جانب سے خصوصی شیلڈ دی گئیں۔شرکاء نے اخوت سویڈن کی جانب سے صحت کے سیمینار منعقد کرنے کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

اخوت بورڈ کے اراکین کی جانب سے شرکاء کی تواضع کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ اخوت سویڈن کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ مستقبل میں سرطان، ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض کے حوالے سے بھی ہیلتھ سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔ اخوت سویڈن کی جانب سے یہ اپیل بھی کی گئی کہ اس رمضان میں اپنے صدقات، زکوۃ، فطرانہ اور فدیہ اخوت کو دیں جو مستحق افراد کو پہنچایا جاتا ہے۔

اخوت سویڈنامراض قلبہیلتھ سیمینار
Comments (0)
Add Comment