برطانیہ میں 7 سالہ حکیم حسین کی ’موت‘ پر والدہ کو 20 برس قید کی سزا

لندن(تارکین وطن نیوز)برطانوی عدالت نے گھر کے لان میں بے سرو سامانی کے عالم میں جاں بحق ہونے والے 7 سالہ بچے کی والدہ کو 20 برس قید کی سزا سنا دی۔

میڈیا کے مطابق عدالت کی جانب سے 3 سال بعد مقدمے کا فیصلہ کیا گیا جس میں 7 سالہ حکیم حسین کے غیر ارادی قتل اور بچے کی نگہداشت کے معاملے میں عدم توجیہی پر 40 سالہ لارا ہیتھ کو سزا سنائی گئی۔دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ حکیم حسین دمے کا مریض تھا جبکہ اس کی والدہ لارا ہیتھ نشے کی لت میں مبتلا تھی اور جس وقت حکیم حسین گھر کے لان میں دمے کے اٹیک میں مبتلا ہوا تب لارا ہیتھ نشے میں دھت اپنے کمرے میں تھی۔

دوران سماعت تفتیشی عملے نے بتایا کہ لارا ہیتھ واقعہ کے چند ماہ قبل سے ہی زیادہ نشہ کرنے لگی تھی، مجرمہ کوکین اور ہیروئن کے لیے یومیہ 55 پاؤنڈ خرچ کرتی اور رقم کے حصول کے لیے اس نے اپنے ہی گھر کے بالائی کمرے میں جسم فروشی کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ لارا ہیتھ نے حکیم حسین کے استعمال شدہ ان ہیلر کو کریک پائپ میں تبدیل کردیا تھا۔

جیوری کو بتایا گیا کہ جس رات حکیم حسین کا انتقال ہوا اس رات لارا ہیتھ ہیروئن پیتے ہوئے بچے کے سوفے کے پاس سے گزری تھی جہاں وہ سوتا تھا، ہیروئن کا دھواں 7 سالہ بچہ کے لیے سانس لینے میں مشکل کا سبب بنا اور وہ تازہ ہوا میں سانس لینے کے لیے گھر کے لان پہنچا جہاں وہ اکھڑتی ہوئی سانس بحال نہیں کرسکا اور دم توڑ دیا۔

Comments (0)
Add Comment