برسلز : جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے زیر اہتمام یاسین ملک کی رہائی کیلئے بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ

برسلز(نمائندہ خصوصی)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) یورپ زون کے زیر اہتمام بدنام زمانہ بھارتی تہاڑ جیل میں قید تنہائی میں موجود چیئر مین یاسین ملک کی فوری رہائی کیلئے برسلز کے بھارتی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر مظاہرین نے یاسین ملک کی تصاویر اور اپنے مطالبات پر مشتمل دیگر بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ آزادی کے حق میں مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔مظاہرے سے زونل جنرل سیکرٹری ظہیر زاہد، زونل سیاسی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر اشتیاق خالق، علی رضا سید اور دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ یاسین ملک کا صرف ایک ہی جرم ہے کہ وہ اپنے لوگوں کے لیے حق آزادی مانگتے ہیں۔بھارتی حکومت کی جانب سے ان پر جتنے بھی مقدمات بنائے گئے ہیں وہ سب جھوٹ پر مبنی ہیں اور اس بات کا اظہار انہوں نے عدالت میں بھی کیا ہے۔

مقررین کے مطابق یاسین ملک نے اپنے بیان میں عدالت کو یہ بھی کہا ہے کہ اگر آزادی کا نعرہ لگانا جرم ہے تو یہ جرم انہوں نے کیا ہے اور زندگی رہی تو وہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ اس لیے عدالت انہیں اس جرم میں جو چاہے سزا دے وہ قبول کریں گے۔

اس موقع پر مقررین نے خبردار کیا کہ یاسین ملک ضمیر کے قیدی ہیں۔ اگر انہیں گزند پہنچی تو دنیا بھر میں اس پر شدید احتجاج کیا جائے گا۔ جبکہ بین الاقوامی کمیونٹی سے مطالبہ کیا گیا وہ بے گناہ یاسین ملک کے مقدمے پر نظر رکھے اور انہیں بھارتی مظالم سے نجات دلانے اور ان کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

Comments (0)
Add Comment