برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا عہدے سےمستعفیٰ ہونے کا اعلان

لندن(وسیم چودھری)برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن آج کنزرویٹو پارٹی سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تاہم پارٹی کے نئے سربراہ کی تقرری تک وہ وزیراعظم کی حیثیت سے ذمہ داری انجام دیتے رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے پارٹی لیڈرشپ سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے باضابطہ مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن موسم خزاں تک وزیراعظم کے فرائض انجام دیں گے۔ اس دوران نئے وزیراعظم کے لئے امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔

منگل سے اب تک وزیراعظم بورس جانسن کے 50 وزرا اورمشیر ان کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے استعفیٰ دے چکے ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں آئینی اور سیاسی بحران نے جنم دیا، بورس جانسن نے پارٹی سربراہ کی حیثیت سے ارکان کو عہدے نہ چھوڑنے پر منانے کی کوشش کی مگر تمام ہی اراکین نے ساتھ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم بورس جانسن نے بیان میں کہا تھا کہ معاشی دباؤ اوریوکرین جنگ کے باعث پیدا صورتحال کے درمیان ان کا عہدہ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ ملک کی بہتری اورمفاد کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

برطانوی سینئر وزرا کے ایک گروپ نے سرکاری رہائش گاہ پر وزیرِاعظم سے ملاقات کے دوران انہیں استعفیٰ دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی تاہم بورس جانسن نے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment