لندن(تارکین وطن نیوز)جنون‘ میوزیکل بینڈ گروپ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار و فلم ساز سلمان احمد نے وزیر اعظم عمران خان کی 50 سالہ زندگی پر ’اسپریچوئل ڈیموکریسی‘ نامی دستاویزی فلم تیار کرلی۔
سلمان احمد نے حال ہی میں ایک نجی چینلکے مارننگ شو میں بتایا کہ ان کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم میں حقیقی ویڈیوز اور تصاویر شامل کی گئی ہیں۔ان کے مطابق ’اسپریچوئل ڈیموکریسی‘ نامی دستاویزی فلم میں عمران خان کی 50 سال کی زندگی کو دکھایا جائے گا۔گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کو گزشتہ 35 سال سے جانتے ہیں اور ان کے پاس ان کی کئی پرانی ویڈیوز اور تصاویر موجود تھیں جب کہ انہوں نے دیگر ذرائع سے بھی مواد حاصل کیا۔
سلمان احمد کے مطابق ’اسپریچوئل ڈیموکریسی‘ نامی دستاویزی فلم چار حصوں پر مشتمل ہے، جس میں سے پہلے حصے میں عمران خان کی وزیر اعظم بننے سے پہلی کی زندگی اور سوچ کو دکھایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دستاویزی فلم کے دوسرے حصے میں عمران خان کے پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے سیاسی خیالات ہیں جب کہ تیسرے حصے میں وبا کے باوجود حالات سے نمٹنے اور آخری حصے میں وزیر اعظم کے مستقبل کے منصوبوں پر بات کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دستاویزی فلم انگریزی زبان میں تیار کی گئی ہے اور اس میں کئی عالمی رہنماؤں اور مشہور شخصیات کے انٹرویوز بھی شامل ہیں، جنہیں انہوں نے خود اور فلم ساز شعیب منصور نے شوٹ کیا۔سلمان احمد نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ابھی مذکورہ دستاویزی فلم کو پاکستان میں نشر کرنے کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوسکا کہ اسے کہاں اور کس پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جائے۔
ان کے مطابق وہ مشرق وسطیٰ، امریکا اور یورپ سمیت دیگر خطوں کے مختلف پلیٹ فارمز سے مذکورہ دستاویزی فلم کو ریلیز کرنے کے حوالے سے مذاکرات میں مصروف ہیں۔سلمان احمد کی جانب سے تیار کی گئی دستاویزی فلم کے ٹریلرز کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز پر بھی شیئر کیا گیا اور ساتھ ہی بتایا گیا کہ ڈاکیومینٹری کو آئندہ ماہ اکتوبر میں ریلیز کیا جائے گا۔
دستاویزی فلم کے جاری کیے گئے دو ٹریلرز میں وزیر اعظم عمران خان کی نوجوانی اور بچپن سمیت ان کے سیاست میں آنے اور اقتدار میں آنے کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔
دستاویزی فلم کے بیک گراؤنڈ میں ’جنون میوزیکل بینڈ‘ کی موسیقی دی گئی ہے۔