سید طارق محمود الحسن ایک مرتبہ پھر پنجاب اوورسیز کمیشن کے وائس چیئرمین مقرر،نوٹیفکیشن جاری

لندن(وسیم چودھری)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر معروف ماہر قانون، مصنف اور سمندر پارپاکستانی امور سید طارق محمود الحسن کو ایک مرتبہ پھر پنجاب اوورسیز کمیشن کا وائس چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔

تقرری کا نوٹیفکیشن چیف منسٹر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے جاری کیا ۔

سید طارق محمود الحسن تجزیہ کار اور بین الاقوامی امور پر دو کتابوں کے مصنف بھی ہیں، انہوںنے نارتھمپٹن یونیورسٹی برطانیہ سے بزنس کی ڈگری کے ساتھ قانون میں ماسٹرز کیا ہوا ہے،گزشتہ برس پرائم منسٹر عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انہیں پنجاب اوورسیز کمیشن کا سربراہ مقرر کیا تھا۔

سید طارق محمود الحسن نے پنجاب اوورسیز کمیشن کے سربراہ کے طور پر مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نےاوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب میں ریوینیو سینٹر قائم کیا جہاں کسی بھی وقت اووسیز پاکستانی اپنی زمین کے فرد لے سکتے ہیں، انہوں نے او پی سی نادرا آفس قائم کیا جہاں پر اووسیز اپنا شناختی کارڈ کا اجراء کروا سکتے ہیں۔

سید طارق محمود الحسن نے او پی سی موبائل ایپلیکشن کا افتتاح کیا جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی دنیا کے کسی بھی کونے سے ایک کلک پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔

سید طارق محمود الحسن کی سربراہی میں پنجاب اوورسیز کمیشن نے ریکارڈ شکایات کو حل کیا، جس میں انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کا بھرپور اعتماد میسر رہا،سید طارق محمود الحسن کی غیر معمولی کارکردگی کی بنیاد پر وزیراعظم عمران خان نے انہیں سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کے لیے سپیشل اسسٹنٹ مقرر کر دیا،بطور سپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر، سید طارق محمود الحسن نے سمندر پار پاکستانیوں کی پہلی آفیشل پالیسی پر ان تھک کام کیا۔

انہوں نے درجنوں سفیروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور پاکستان سے ایک ملین ہیومن ریورس کو ایکسپورٹ کرنے پر دن رات کام کیا،سید طارق محمود الحسن نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے ان پر اعتماد پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین جناب عمران خان، وزیر اعلیٰ جناب چوہدری پرویز الٰہی کا انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر مکمل اعتماد کیا اور اہم ذمہ داری سونپی۔ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اور حتی المقدور ان کے حل کے لیے دن رات کام کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کی تنظیموں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے مجھ سے فوراً رابطہ کریں اور اپنے مشوروں اور تجاویز سے آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی اور اس حوالے سے سمندر پار پاکستانیوں کی خدشات پر بھرپور توجہ دی جائے گی ، جو سمندر پار پاکستانی مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کرنا چاہیں گے انہیں بھرپور سہولت فراہم کی جائے گی۔

Comments (0)
Add Comment