پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ نے لاہور چیپٹر کا آغاز کردیا، عدنان چوہدری پاکستان چیپٹر کے سربراہ نامزد

0

اسٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) یورپ کے معروف سماجی ادارے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ (پی پی این ای) نے صوبہ سندھ میں کامیاب فلاحی پراجیکٹس کے بعد ادارے کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئےصوبہ پنجاب چیپٹر کا آغاز کردیا۔

پی پی این ای کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق لاہور کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری محمد عدنان سرور کو پی پی این ای پاکستان چیپٹرکی صدارت کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں پنجاب کے تمام بڑے شہروں کی ذیلی تنظیموں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے بعد کاروباری، سماجی اور فلاحی پراجیکٹس کو نافذالعمل کیا جائے گا۔

پی پی این ای کی صوبہ سندھ میں کاوشوں کی بات کی جائے تو کراچی شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے کے لئے ٹرک آرٹ کے ذریعے شہر کی معروف شاہراہوں پر علی سد پارا، مہدی حسن اور صادقین سمیت معروف لیجنڈری شخصیات کے پورٹریٹ ڈزائن کروانا، صوبہ سندھ میں پہلے اسکینڈے نیویا ئی طرز کے اسکول کا قیام، سندھ بلوچستان انٹرنیشنل بزنس فورم کے تعاون سے گھریلو صنعتوں کے فروغ کے لئے پلیٹ فارم کا قیام، جبکہ یورپ بھر کی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات پہنچانے کے لئے ایکسپورٹ پورٹل کا قیام کرنا، کرونا وبا کے دور میں پاکستان کی پہلی ورچیول نمائش ’ورچیول انٹرنیشنل راول ایکسپو ‘ میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے ساتھ تعاون کر کے یورپی صنعتوں کو نمائش کا حصہ بنانا، سی پیک کی بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا، یورپ میں پاکستانی ثقافتی میلوں کا انعقاد، یورپ کے مقامی تھیٹر کے تعاون سے پاکستان میں تعلیمی کاوشوں کو تقویت اور پاکستان کی فلم انڈسٹری کو سویڈن میں متعارف کروانے کے لئے مفت ٹکٹوں کی تقسیم جیسے منصوبے پی پی این ای کی یورپ بھر میں پہچان ہیں۔

پی پی این ای کے سربراہ زبیر حسین کا کہنا ہے کہ چوہدری عدنان سرور ادارے کہ لئے ایک اہم اثاثہ ثابت ہوں گے اور ان کی سربراہی میں پاکستان کی ٹیم ادارے کے منشور کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پھیلائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!