سعودی عرب: جدہ قونصلیٹ پاکستان میں میٹ دی پریس کا اہتمام

0

سعودی عرب میں ہر پاکستانی ملکی سفیر،ہمیں چاہئے کہ مقامی قوانین کا احترام کریں،قونصل جنرل خالد مجید

جدہ (خالد چیمہ) سعودی عرب میں جدہ قونصلیٹ پاکستان میں میٹ دی پریس کا اہتمام کیا گیا جس میں قونصل جنرل خالد مجید نے پاکستانی صحافیوں کو گزشتہ نو ماہ کی کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ پاکستانی ورکرز کے مسائل کو اولین ترجیحات میں شامل کرکے حل کیا جائے۔

پاکستانی قونصلیٹ جدہ میں پاکستانی صحافیوں سے میٹ دی پریس میں قونصل جنرل خالد مجید نے بتایا کہ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی ورکرز مقیم ہیں جن کے مسائل کو حل کرنے سمیت انہیں سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جاتے ہیں اور غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کو وطن واپس بھجوانے سمیت ورکرز کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مسلسل عمل کو جاری رکھا گیا ہے اسکے علاوہ گزشتہ نو ماہ کے دوران ہزاروں پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پاکستانیوں کو مہیا کیے گئے ہیں۔

اسکے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے دور دراز علاقوں میں قونصلر وزٹ کے ذریعے بھی ہم وطنوں کو سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جاتی ہے،قونصل جنرل خالد مجید کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے جس کے تحت یہاں مقیم پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ سیاسی سرگرمیوں سے اجتناب کریں اور سعودی عرب کی جانب سے منشیات کے خلاف مہم جاری ہے جس میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد پکڑی گئی ہے۔

سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں اس لئے ہر پاکستانی ملکی سفیر ہے اور ہمیں چاہئے کہ مقامی قوانین کا احترام کریں ،تقریب سے نئے تعینات ہونے والے پریس قونصلر چوہدری عرفان نے بھی تعارفی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں جن کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنا ضروری ہے ہماری کوشش ہوگی کہ مقامی صحافی برادری سے مل کر پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے جس پر صحافیوں برادری نے ان کا بھرپور ساتھ دینے اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!