ناروے:میلادالنبیؐ کا حقیقی تحفہ اولاد کو سیرت النبی ؐسے روشناس کرانا ہے،علامہ حافظ عبدالرسول طاہر

0

مسلم سینٹر فیورست اوسلومیں میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں محفل میلاد کا اہتمام

اوسلو(عقیل قادر)دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ناروے میں بھی ماہ میلادالنبی ﷺ کو جوش و خروش اور جذبہ ایمانی کے ساتھ منایا جاتا ہے ، مساجد اور گھروں میں چراغاں کر کے محافل ذکر رسول ﷺ منعقد کی جاتی ہیں۔

مسلم سینٹر فیورست اوسلومیں ایک عظیم الشان محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن لندن سے تشریف لائے علامہ حافظ عبدالرسول طاہر نے خصوصی خطاب کیا۔

محفل کا آغاز سید بلال شاہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ قاری اسرار احمد قادری نے نعت رسول ﷺ پیش کی۔ پاکستان سے تشریف لائے معروف نعت خواں وحید بٹ نوری نے خصوصی نعت شریف پیش کی اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

مسجد ہذا کے امام و خطیب علامہ قاری نور علی سیالوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج عظمت رسول ﷺ کا ذکر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذکر مصطفی ﷺ ہی ذکر خدا ہے۔

حافظ عبدالرسول طاہر نے تربیتی و فکری خطاب کیا اور یورپ میں اولا دکی بہترین تربیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہترین تعلیم و تربیت نوجوانوں کو عشق رسول اور سیرت رسول سے روشناس کرانا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ نے اچھی اور نیک اولاد کو صدقہ جاریہ میں شمار فرمایا ہے۔مسلم سینٹر فیورست کے مرکزی رہنما و بانی عبدالقیوم کیانی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا محفل میلاد میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور تمام مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

قاری اسرار احمد نے درودو سلام کا نذرانہ پیش کیا ، آخر میں میلاد کا کیک کاٹاگیا اور امت مسلمہ کے امن اور سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!