سعودی عرب میں مسلم لیگ ن کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کی تنظیم پاک میڈیا فورم کے اعزاز میں تقریب

0

بیرون ممالک میں مقیم صحافی پاکستان کا مثبت چہرہ نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،لیگی عہدیدار

ہمارے لئے سب سے اہم پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے، الیاس رحیم ، ذکاءاللہ محسن

تقریب میں پاک میڈیا فورم کو ان کی خدمات پر اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں مسلم لیگ ن کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کی تنظیم پاک میڈیا فورم کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک سعودی تعلقات کو فروغ دینے میں صحافی برادری کا اہم کردارہے۔

دارالحکومت ریاض میں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کی جانب سے منعقدہ تقریب میں لیگی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں میڈیا کا بڑا اہم کردار ہے اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں مقیم صحافی پاکستان کا مثبت چہرہ نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور صحافی پاک سعودی تعلقات کو نمایاں کرنے میں اہم رول نبھا رہے ہیں جس پر ہم ان کے مشکور ہیں اور پاک میڈیا فورم جس طرح مثبت انداز میں کمیونٹی کی خدمت کر رہا ہے اس پر ہم انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

پاک میڈیا فورم کے چیئرمین الیاس رحیم اور صدر ذکاءاللہ محسن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم کمیونٹی بڑا فعال اور متحرک کردار ادا کرتی آ رہی ہے یہی وجہ ہے کہ میڈیا کے ارکان بھی ان کی سرگرمیوں کو اجاگر کرتے رہتے ہیں اور ہمارے لئے سب سے اہم پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے جس کے لئے پوری ٹیم دلجمعی کے ساتھ کام کرتی ہے۔

تقریب سے محمود الحق ڈوگر،عدنان اقبال بٹ اور اصغر چشتی نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ آخر میں پاک میڈیا فورم کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!